مرکزی سیکرٹریٹ میں ضیافت میلاد 2012ء کا آغاز

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ربیع الاول مبارک کی آمد کے ساتھ ہی میلاد سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ’’آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں‘‘ کے سلوگن تلے منہاج القرآن نے دنیا بھر میں ربیع الاول کو مکمل مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ضیافت میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔ گوشہ درود کے ہال میں 25 جنوری 2012ء کو پہلی ضیافت میلاد کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام منعقد ہوئی، جس کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ دیگر مرکزی قائدین میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، جی ایم ملک، جواد حامد، میاں محمد عباس نقشبندی، ڈاکٹر اصغر جاوید الازہری، علامہ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی سمیت کالج آف شریعہ کے اساتذہ کرام بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ضیافت میلاد میں لاہور بھر سے شرکاء شامل تھے، جن میں خواتین بھی موجود تھیں۔ پنڈال کے نصف حصہ میں خواتین کے لیے باقاعدہ طور پر الگ اور باپردہ اہتمام کیا گیا تھا۔ضیافت میلاد سے قبل نماز مغرب کے بعد نماز عشاء تک تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ سے مشعل بردار جلوس کا اہتمام بھی کیا گیا۔ یہ جلوس ماڈل ٹاؤن ایم بلاک کے ملحقہ علاقوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد منہاج القرآن پر اختتام پزیر ہوا، جس میں اہل علاقہ اور عشاقان مصطفیٰ کی کثیر تعداد نے بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کی۔

ضیافت میلاد کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 8 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ شہزاد برادران، مدنی برادران، بلالی برادران اور منہاج نعت کونسل نے بھی گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نعت خوانی کے سلسلہ میں ملک پاکستان کے معروف ثناء خواں ارشاد اعظم چشتی اور الطاف برادران نے اپنے مخصوص اندازکے ساتھ نعت مبارکہ پیش کیں۔اس موقع پر حاضرین میں ذوق اور وجد کا پرکیف سماں بندھ گیا۔

نعت خوانی کے سلسلہ کے بعد منہاج پروڈکشنز کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی ویڈیو خطاب دکھایا گیا، یہ ویڈیو خطاب مئی 2010ء میں امریکا میں میلاد کانفرنس سے تھا، جس کا موضوع’’ میلاد اور محبت‘‘ تھا۔ پروگرام کے اختتام پرارشاد اعظم چشتی نے سلام پڑھا۔ اس موقع پر تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا۔ پروگرام کے بعد گوشہ درود کے ہال کی چھت پر پرتکلف ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا، جہاں ہر مہمان کی خاص تواضع کی گئی۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ماہ ربیع الاول میں روزانہ نماز عشاء کے بعد شب 9 بجے ضیافت میلاد منعقد ہوگی۔ جس میں ہر خاص و عام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

پروگرام کا اختتام پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی کے دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top