مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم کے قیام کا مقصد پاکستانیت کی بنیاد پر اقلیتوں کے تحفظات ختم کر کے یکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مذاہب کے درمیان محبت، اخوت اور امن کو فروغ دینے کیلئے قابل ستائش کردار ادا کیا ہے
منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا کی غیر مسلم رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کاوشوں اور رہنمائی سے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم کا قیام عمل میں آیا۔ اس فورم کے قیام کا مقصد اسلام اور پاکستان کے آئین کے مطابق غیر مسلموں کو حقوق دینے، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری، انتہا پسندانہ رجحانات کے خاتمے، پاکستانیت کی بنیاد پر اقلیتوں کے تحفظات ختم کر کے یکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ پاکستان کی ترقی میں تما م مذاہب کے لوگ شریک ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے بشپ اکبر کھوکھر، کی قیادت میں آئے مختلف مذاہب کے رہنماؤں پنڈت بھگت لال، پنڈت کاشی رام اورسردار گیانی رنجیت سنگھ سے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ لسانی، علاقائی اور مذہبی تعصبات سے نفرتوں اور دلوں کی بھڑک اٹھنے والی آگ کے ماحول میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جہاں ہر طبقہ زندگی کیلئے بے مثال اور لازوال خدمات سر انجام دیں ہیں وہاں انہوں نے مذاہب کے درمیان محبت، اخوت اور امن کو فروغ دینے کیلئے بھی قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ جملہ کاوشیں جہاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وسعت نظری اور انسانیت کے احترام کا مظہر ہیں وہیں دوسرے مذاہب کیلئے تحفظ، مساوات اور رواداری کا پیغام بھی ہیں۔ بشپ اکبر کھوکھر اور پنڈت بھگت لال نے سہیل احمد رضا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمی حالات جس سمت جا رہے ہیں انکا ادراک کرتے ہوئے ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ہم آواز بننا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top