پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کا عندیہ حکومت کی غریب کُش پالیسی کا تسلسل ہے۔ فیض الرحمان دُرانی

غربت ختم نہ ہوئی تو معاشرے سے اسلام اور پاکستانیت رخصت ہو جائے گی
بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھروں کے چولہے جلنے بند اور فیکٹریوں کی تالہ بندی ہورہی ہے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمان دُرانی کی سول سوسائٹی کے وفد سے گفتگو

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کا عندیہ حکومت کی غریب کُش پالیسی کا تسلسل ہے جوعوام کیلئے ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔ موجودہ حکومت مسلسل ایسی روش پر قائم ہے جس سے عوام براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ آئے روز پٹرول کی قیمتوں میں جس قدر اضافہ کیا جا رہا ہے، لگتا ہے کہ لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے پشاور سے آئے ہوئے سول سوسائٹی کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ غریب کی پشت میں چھُرا گونپنے کے مترادف ہے

حکومت کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کاغذوں کے بجائے غریب کا پیٹ بھرنے کی پالیسی بنائے ورنہ غربت و افلاس عوام کے ایمان کو دیمک کی طرح چاٹ جائے گی اور اسلامی اقدار معاشرے سے رخصت ہو کر ایسے معاشرے کو جنم دیں گی جسمیں نہ اسلام ہو گا نہ پاکستانیت۔

یض الرحمان درانی نے کہا کہ ملکی معیشت کو درست خطوط پر استوار کر کے اسکے اثرات غریب عوام تک منتقل کرنا ہونگے ورنہ آنے والے چند سالوں میں ایسا طوفان اٹھے گا جسمیں مقتدر طبقہ تنکوں کی طرح اڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امیر و غریب میں بڑھتی خلیج ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر تیزی سے کمزوری کر رہی ہے۔ حکومت عوام کی خوشحالی کیلئے ٹھوس پالیسیوں کی تشکیل کر کے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ ملک سے غربت کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکے۔

ملک میں مہنگائی اور چور بازاری میں جس قدر اضافہ ہو رہا ہے اس میں عوام تو بہہ رہے ہیں مگر حکمرانوں کی طرف سے سب اچھا کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اس وقت اضافہ کیا جارہا ہے جب لوگوں کو بجلی اور گیس نہیں ملتی۔ بجلی اور گیس کی طویل اور اعصاب شکن غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھروں کے چولہے جلنے بند ہو گئے ہیں اور فیکٹریوں کی تالہ بندی ہو رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top