منہاج القرآن ویمن لیگ نتھیا (میرپور) کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس
منہاج القرآن ویمن لیگ نتھیا ٹاؤن میرپور، آزاد کشمیر کے زیراہتمام ایک عظیم الشان میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس مورخہ 29 فروری 2012ء کو منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز صبح 10 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عرفان القرآن نعت کونسل جہلم کی خواتین نے انتہائی خوبصورت انداز میں دف کے ساتھ نعتیں پیش کیں جس سے محفل میں موجود خواتین جھوم اٹھیں اور جوش و جذبہ سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہاتھوں کو لہرا لہرا کر درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتی رہیں۔ محفل کی خصوصی بات یہ تھی کہ اس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا لیکچر بذریعہ پروجیکٹر چلایا گیا۔
نازیہ مظہر ہاشمی نے خواتین شرکاء محفل سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، حبی و قلبی تعلق اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفا کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر امت مسلمہ بالعموم اور اہلیان پاکستان پر بالخصوص جو مصائب و آلام نازل ہیں تو صرف اور صرف دین اور صاحب دین سے دوری کی وجہ سے ہے، اگر آج ہم دوبارہ لوٹ کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جوڑوں کے ساتھ بندھ جائیں اور ان کے احکامات کی پیروی کریں تو دوبارہ دنیا میں عزت کا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اس پر فتن دور میں جب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میلاد کی محفلیں اجڑ رہیں تھیں اور لوگوں کا تعلق گنبدِ خضری اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جوڑوں سے ٹوٹ رہا تھا تو اس صدی کے مجدد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دوبارہ مسلمانوں کے دلوں میں عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیپ جلا دیے۔ جس سے جگہ جگہ گلی گلی اور کوچہ کوچہ آج میلاد پاک کی محفلیں اور رونقیں نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں اس عظیم ہستی اور وقت کے مجدد کے دست و بازو بن جائیں تاکہ ہمیں دین کی صحیح روشنی اور تعلیمات حاصل ہو جائیں اور ہم دوبارہ اپنی ترقی کی منزلوں کو پاسکیں۔ آخر میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درو د و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور اس کے ساتھ ہی اختتامی دعا ہوئی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔ اس کامیاب محفل کے انعقاد میں محمد الیاس ملنگی اور مسز الیاس ملنگی نے سارے انتظامات بخوبی نبھائے۔
رپورٹ: بابر مغل (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ میرپور آزاد کشمیر)
تبصرہ