بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ عوام پر بجلی بن کر گر ے گا۔ جی ایم ملک

مورخہ: 10 مارچ 2012ء

حکومت ملک دشمنوں کی سازشیں کامیاب ہونے سے پہلے بلوچستان کے خلفشار پر قابو پانے کی کوشش کرے
بجلی عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے، حکومت بجلی میں مجوزہ اضافے کے فیصلے کو فی الفور واپس لے

بجلی کے نرخ جو پہلے ہی عوام پر بجلی بن کر گر رہے ہیں ان میں 4 روپے فی یونٹ اضافے کے حکومتی اعلان کے بعد عوام جو پہلے ہی بجلی کے ہاتھوں عاجز آ چکے ہیں اس نئے ظالمانہ اضافے کے بعد تو ان کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہ ہو گا کہ وہ یا تو ڈاکے مار کر بجلی کا بل پورا کریں یا بغیر بجلی کے پتھر کے دور میں واپس چلے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان جی ایم ملک نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر کی قیادت میں آئے تاجروں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر غریب اور مزدور طبقہ اپنے پورے ماہ کی آمدنی بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر لگا دیں گے تو بچوں کو کیا کھلائیں گے؟ انہوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے حکومتی عندیہ پر زبردست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی عوامی حکومت عوام کی حالت زار سے بے نیاز ان پر مزید ناروا بوجھ ڈالتی جا رہی ہے۔ بے روز گاری، دہشت گردی، ہوش رباء مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے تو پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر طویل لوڈ شیڈنگ، اُوور بلنگ، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بار بار کے اضافے نے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

جی ایم ملک نے وفد سے بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر بلوچستان کے معاملے میں حکومتی بے تدبیریوں کا سلسلہ اسی طرح برقرار رہا تو خدانخواستہ وطن عزیز پھر سقوط ڈھاکہ جیسے کسی سانحہ سے دوچار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات اتنے بگڑ چکے ہیں کہ حکومت طفل تسلیاں اور لالی پاپ دینے کی بجائے ملکی و قومی سلامتی اور بقا کی خاطر تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی قوتوں کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھے اور ملک دشمنوں کی سازشیں کامیاب ہونے سے پہلے بلوچستان کے خلفشار پر قابو پانے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ایسے مثبت اور عملی اظہار کا مظاہرہ بھی کرنا ہو گا جس سے ان کے تحفظات اور خواہشات دور ہو سکیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دے کر کہا کہ بجلی عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے اس لئے حکومت بجلی میں مجوزہ اضافے کے فیصلے کو فی الفور واپس لے یا پھر خود واپس جانے کی تیاری کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top