نظامت تربیت کے زیراہتمام عارف والا میں عرفان القرآن کورس کا افتتاح

مورخہ: 15 مارچ 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مورخہ 15 مارچ 2012ء کو عارف والا میں عرفان القرآن کورس کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب جامعہ حنفیہ تعلیم القرآن نزد ریلوے اسٹیشن عارف والا میں منعقد ہوئی۔ جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی، ناظم علماء کونسل نشتر ٹاؤن لاہور علامہ عبدالمختار قادری، صدر تحریک عارف والا حاجی عبدالعزیز جوئیہ، ناظم تحریک عارف والا محمد اسلم صابری، مہتمم جامعہ حنیفہ تعلیم القرآن قاری بشیر احمد شاکرنوری، معلم عرفان القرآن کورس علامہ صاحبزادہ مقبول احمد، علامہ پیر منیر حسین شاہ آف ڈسکہ، پیر سید خلیل الرحمن شاہ کے علاوہ کثیر لوگوں نے شرکت فرمائی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ علامہ سید منیر حسین شاہ نے مدلل انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان وعظمت سے قرآن وحدیث بھرے پڑے ہیں۔ خطاب کے بعد علامہ محمد شریف کمالوی نے عرفان القرآن کورس کا مکمل تعارف پیش کیا اور اس کورس کی تدریس کی انفرادیت بیان کرتے ہوئے عملی طور پر کچھ ترجمہ پڑھایا اورگرامر پڑھانے کا طریقہ بھی بیان کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کورس میں تجوید وقرات، ترجمہ، تفسیر، اصول تفسیر اور حدیث مبارکہ کی تدریس کی جائے گی۔ شرکاء تقریب میں سے کثیر لوگوں نے اپنے نام داخلے کے لیے پیش کیے جبکہ کورس کا آغاز اسی دارالعلوم میں کیا گیا اور صاحبزادہ مقبول احمد کا نام بطور مدرس نامزد کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر تمام انسانیت، امت مسلمہ کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: عظمت فریدجوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top