منہاج القرآن ماڈل سکول کوٹ چوہدریاں میں تقریب تقسیم انعامات

منہاج القرآن ماڈل سکول کوٹ چوہدریاں ضلع چکوال تقریب تقسیم انعامات کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ عوام الناس اور بچوں کے والدین  کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام کے مہمانان خصوصی ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف، سردار اختر نواز، اور قاضی فاؤنڈیشن کے صدر قاصی محمد اکبر تھے۔ جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں سردار شاہ محمد کوٹ چوہدریاں، حاجی عبد الغفور شیخ، ملک احسان محفوظ، سہیل جنجوعہ، غلام رضا اعوان، محمد اشرف تلہ گنگ، حاجی محمد سلیم صدر تحریک منہاج القرآن تلہ گنگ، چوہدری نذر حسین چک بھون، تمثیل ایڈووکیٹ، عامر شہزاد ڈائریکٹر البراق مارکیٹنگ، شفقت یزدانی، میڈیا کوآرڈینیٹر توقیر مغل اور معززین علاقہ نے خصوصی شرکت کی۔

منہاج القرآن کوٹ چوہدریاں کے سکول کے 4 بچوں نے آٹھویں کے بورڈ کے امتحان میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں اور ایک بچے نے 40 سالہ ریکارڈ توڑا۔ جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے رنگا رنگ پروگرامز پیش کیے، جن کو حاضرین نے بہت پسند کیا اور طلبہ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں تمام پوزیشن ہولڈرز اور پروگرامز میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن شاہد لطیف نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امت مسلمہ کے لیے کی جانے والی علمی خدمات کو بیان کیا اور آپ کی تصانیف کو پوری انسانیت کے لیے راہنمائی کا موثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے اغراض مقاصد کو بھی بیان کیا اور ملک بھر میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت چلنے والے مختلف سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے بارے میں بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پروگرام کی انتظامیہ کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی اور امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

اس پروقار تقریب میں چوہدری غلام اکبر نمبردار نے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کیا اور ان کی طرف سے کوٹ چوہدریاں میں قائم کی گئی منہاج ویلفیئر شاپ کا افتتاح ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف نے کیا۔ اس ویلفیئر شاپ پر بچوں کے لئے قرآنی قاعدے اور سپارے، ٹیبلٹس اور اموات پر بغیر منافع کے کفن اور دیگر اشیاء مفت فراہم کی جائیں گی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری غلام اکبر نمبردار نے علی الاعلان کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صرف ہی ایسی شخصیت ہیں جو اس قوم کا مسیحا ہے اور جو اس قوم کی کشتی کو بھنور سے نکال سکتے ہیں۔ راجہ محمد عمر اور محمد حیات نے اس تقریب میں نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔

اس پروگرام کے روح رواں صفدر بلوچ، ماہر تعلیم شفقات قادری جو کہ ٹانگوں سے معذور ہونے کے باوجود تحریک منہاج القرآن کے لئے نمایاں قربانیاں دیتے رہے ہیں اور ساجد اعوان نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب تک سکول کی اپنی بلڈنگ پر 26 لاکھ کی خطیر رقم خرچ ہو چکی ہے اور مزید رقم درکار ہے، جس کے لئے سردار شاہ محمد کی طرف سے 8 پنکھے، چوہدری غلام اکبر کی طرف سے 6 پنکھے، عامر شہزاد، ذوالفقار حیدری، اور ساجد اعوان اور دیگر کی طرف سے عطیہ کا اعلان کیا گیا۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top