پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیراہتمام یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

مورخہ: 25 مارچ 2012ء

پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیر اہتمام یوم پاکستان کا پروگرام مورخہ 25 مارچ 2012ء کو جمناز جان گیمیئے سونتے دولیسیو میں ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں پاکستانی کمیونٹی، تمام پاکستانی سیاسی جماعتوں کے عہدیداران، پاکستانی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے شرکت کی۔ ہرسال کی طرح اس سال بھی 23 مارچ کی مناسبت سے بڑا پروگرام کرنے کااعزاز پاکستان عوامی تحریک کو حاصل ہوا۔

پروگرام میں امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن علامہ حافظ محمد اقبال اعظم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ عبدالرازق قادری اور فرانس کی مرکزی وعلاقائی تنظیمات کے عہدیداران کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی بار کسی پاکستانی قومی پروگرام میں فرانس کی سیاسی پارٹی کے عہدیداران اور لاکورونیو کے میئر نے شرکت کی۔ فرانس کی کیمونسٹ پارٹی کے راہنما، موجودہ دپٹی اور سابقہ منسٹر آف سپورٹس اینڈ یوتھ مادام ماری جارج بوفے، پارلیمنٹری اسسٹنٹ آف مادام جارج بوفے مادام دیونے، میئر لاکورونیو مسٹرژیل یو، جوائنٹ میئر مسٹرمیزا راشدنے خصوصی شرکت کی۔

امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری، پاکستان عوامی تحریک فرانس کے صدر چودھری محمد ظفر اقبال، جوائنٹ سیکرٹری ہارون قاضی، صدر منہاج سکور فرانس محمد نعیم چودھری، ناظم عوامی تدفین کمیٹی نیاز خان، ناظم مالیات ملک شبیر احمد اعوان، نائب ناظم مالیات حاجی سلیم گھمن، اور جنرل سیکرٹری منہاج ویمن لیگ مسز ستارہ مبین ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پروگرام سے قبل وفد نے پاکستان عوامی تحریک و منہاج القرآن فرانس کے مرکزی عہدیداران کے ساتھ لگائے گئے پاکستانی مصنوعات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور سی ڈیز کے سٹال کا وزٹ کیا۔ مادام ماری جارج بوفے اور ان کے وفد نے شیخ الاسلام کی تصانیف میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

منہاج یوتھ لیگ فرانس کے نوجوان عہدیدارا فریاد گلزار نے مہمانوں کے ہال میں پہنچنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تعارف کرایا جس میں آپ کادہشت گردی کے خلاف لکھا جانے والا فتویٰ قابل ذکر ہے۔ پروگرام کی اردو میں نقابت قاری طاہر عباس اور فرنچ میں ہارون قاضی نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری محمد صدیق نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ حاجی محمد حنیف مغل نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی فرانس کی بچیوں نے ملی نغمہ پیش کیا۔

مہمان خصوصی میئر لاکورونیو ژیل یو نے خطاب کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور آئندہ بھی اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مادام ماری جارج بوفے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یوم پاکستان کی مناسنبت سے منعقدہ تقریب اور خوبصورت انتظام وانصرام پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔ منہاج یوتھ لیگ فرانس کے نوجوان عامر نعیم، یاسین قدیر، فیضان اسلم اور شعیب اشفاق نے قصیدہ بردہ شریف اور ملی نغمہ پیش کیا۔

پروگرام کے دوسرے سیشن میں منہاج سسٹر لیگ کی بچیوں صبا ارشد، سمرین محمد، وافیہ نعیم، ریحانہ الطاف، حمیرا احمد، ثمینہ خواجہ نے اپنے گروپ کے ساتھ ملی نغمے پیش کئے۔ ثمینہ خواجہ اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی بچی فاطمہ نے یوم پاکستان کے حوالہ سے تقاریر کیں۔ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان مسٹر ملک نے فرنچ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔ جوائنٹ سیکرٹری منہاج القرآن فرانس شمریز خان اور ظہیر عباس گجر نے پرجوش انداز میں یوم پاکستان اور موجودہ حالات کے تناظر میں خطاب کیا۔ ناظم میڈیا عدنان شفقت نے موجودہ ملکی حالات پر اپنی لکھی نظم پیش کی۔ پروگرام کا مختصر مگر مرکزی خطاب علامہ حسن میر قادری نے کیا۔ اختتام پر منہاج سسٹر لیگ کی بچیوں نے قومی ترانہ پیش کیا۔ علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: عدنان شفقت

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top