نظامت تربیت کے زیراہتمام کلورکوٹ میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز
نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مورخہ 25 مارچ 2012ء کو کلورکوٹ میں آئیں دین سیکھیں کورس کی افتتاحی تقریبات تین جگہوں پر منعقد ہوئیں جن میں 1۔یوسی ڈگرنون کلور کوٹ 2۔ سٹی آفس تحریک منہاج القرآن کلورکوٹ اور 3۔ منہاج ماڈل سکول غلاماں سرگودھا روڈ کلور کوٹ شامل ہیں۔ ان افتتاحی تقریبات میں مرکز سے مرکزی ناظم تعلیمی کورسز علامہ محمد شریف کمالوی اور معلم آئیں دین سیکھیں کورس سید طاہر حسین شاہ نے شرکت فرمائی۔ مقامی تحریکی عہدیدران میں سے ناظم تحریک کلور کوٹ محمد مظہرالحق، ناظم دعوت تحریک محمد اعجاز قادری، پرنسپل منہاج ماڈل سکول غلاماں ملک منیر حسین، ناظم UC ڈگرنون محمد رمضان کے علاوہ کثیر لوگوں نے شرکت کی۔
تینوں تقاریب میں پروگرامز کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ سید طاہر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے دین کو سیکھنے اور آگے سکھانے کی ضرورت واہمیت کو اجاگر کیا جبکہ علامہ محمد شریف کمالوی نے تحریک منہاج القرآن کی طرف سے جاری کردہ کورسز میں سے آئیں دین سیکھیں کورس کا تعارف بہت ہی احسن انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس کا مقصد بنیادی دینی تعلیمات کا عوام الناس تک پہنچانا ہے تاکہ جب کوئی مسلمان نماز پڑھے تواسے معلوم ہو کہ وہ نماز کے دوران کیا الفاظ ادا کر رہا ہے اور اللہ تعالیٰ سے کیا کیا مانگ رہا ہے اور اس کی کیسے تعریف کر رہا ہے۔ کلور کوٹ میں سید طاہر حسین شاہ کو ان کورسز کی تدریس کے لیے نامزد کیا گیا۔
تمام تقاریب کے اختتام پر امت مسلمہ کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ
تبصرہ