نظامت تربیت کے زیراہتمام بھکر میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز

مورخہ: 25 مارچ 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن بھکر کے زیراہتمام مورخہ 25 مارچ 2012ء کو آئیں دین سیکھیں کورس کی تعارفی کلاس منعقد ہوئی۔ جس کا سٹی آفس تحریک منہاج القرآن کلمہ چوک بھکر میں اہتمام کیا گیا۔ اس میں مرکزی ناظم آئیں دین سیکھیں کورس علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس تعارفی کلاس میں ضلعی کوآرڈینیٹر جمعہ خان، نائب صدر تحریک بھکر محمد اشرف کے علاوہ منہاج یوتھ لیگ، ایم ایس ایم اور علماء کونسل کے عہدیدران نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی جبکہ نہایت ہی احسن انداز میں درود وسلام کا ورد بھی کیا گیا۔ بعدازاں محمد شریف کمالوی نے آئیں دین سیکھیں کورس کی تعارفی کلاس کی تدریس کے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ اس کورس میں نماز، آخری 11 قرآنی سورتیں، 42 احادیث مبارکہ اور روزہ مرہ کی 18 قرآنی ونبوی دعائیں پڑھائی جائیں گی۔ ان تمام حصوں کو تلفظ اور ترجمہ کے ساتھ حفظ بھی کیا جائے گا۔ شرکاء کورس نے اس کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام بنیادی دینی تعلیمات کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بانی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے شکرگزار ہیں کہ جن کی وساطت سے ہمیں ایسے علم کو سیکھنے کا موقع ملا جو ہم پر بحیثیت مسلمان فرض تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان شاء اللہ عنقریب بھکر شہر کے مختلف مقامات پر اس کورس کا اجرا کروائیں گے۔

تعارفی کلاس کے اختتام پر ملک وقوم کی امن وسلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top