منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ناظم محمد شفیق اعوان کا دورہ مرکزی سیکرٹریٹ

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ناظم محمد شفیق اعوان نے مورخہ 17 اپریل 2012ء بروز منگل مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ اپنے دورہ کے دوان انہوں نے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران محمد شفیق اعوان نے مرکزی قیادت کو یونان کے تنظیمی وتحریکی معاملات پر بریفنگ دی اور ایک سال کے دوران مشن کے پلیٹ فارم سے سرانجام دی جانے والی سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزکی طرف سے مختلف امور پر بروقت کاروائی اور عملدرآمد ہماری حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے محمد شفیق اعوان کو یونان میں مشن کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر مبارکباد پیش کی اور جملہ ذیلی تنظیمات اور کارکنان کے ساتھ محبت، پیار، خلوص اور اعتماد کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم مشن میں وابستگی کا دعویٰ کرتے ہیں تو پھر ہمیں اپنے اندر سے انا کو ختم کرتے ہوئے عاجزی وانکساری کو جگہ دینا ہوگی۔ ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونان میں ممبر شپ کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور مرکز کی طرف سے دیئے جانے والے ٹارگٹس کے حصول کے لئے اپنی اجتماعی کاوشوں کوبروئے کار لایا جائے۔

میٹنگ اور کھانے کے بعد محمد شفیق اعوان نے نظامت امور خارجہ کے سیکرٹری ویلفیئرحافظ محمد عمیر کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات اور تعلیمی ادارہ جات کا وزٹ کیا اور جملہ کارکنوں کے محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ کام کرنے کو سراہا۔ بعد ازاں محمد شفیق اعوان کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عظیم فلاحی منصوبہ آغوش کا وزٹ کرایا گیا جس کو دیکھ کر انہوں نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ یقینا مرکزی قیادت نے اس عظیم منصوبہ کو جس محنت، لگن اور خلوص کے ساتھ مقررہ وقت سے بھی پہلے مکمل کرایا ہے وہ قابل ستائش اور لائق مبارکباد ہے۔

رپورٹ: محمد وسیم افضل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top