تحریک منہاج القرآن دولتالہ حلقہ پی پی 4 کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس

مورخہ: 31 مارچ 2012ء

دولتالہ (نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4 کے یونٹ ڈھوں کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد مورخہ 31 مارچ بروزہفتہ بعد نماز عشاء بمقام ڈھوں میں کیا گیا، جس کی صدارت محمد جمیل چوہدری (امیر منہاج القرآن ایشین کونسل) نے کی جبکہ مہمان خصوصی چوہدری جاوید اقبال (صدر تحریک منہاج القرآن پی پی 4)تھے۔ پروگرام میں خصوصی شرکت محمود الحق قریشی (سرپرست پی پی 4 ) اور راجہ حسن اختر (ناظم ویلفیئر)نے کی ۔ کانفرنس میں علاقہ بھر سے عوام کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیاگیا جسکے بعد منہاج نعت کونسل ڈھوں آفتاب ربانی اور ادریس ربانی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں انتہائی خوبصورت انداز میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے جبکہ مرکز منہاج القرآن لاہور سے تشریف لائے ہوئے الحاج عنصر علی قادری نے آقاء نامدار حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں پرسوز اور پرکیف آواز میں ہدیہ عقیدت پیش کرکے محفل میں عجب سماں باندھ دیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔

کانفرنس سے خصوصی خطاب حضرت علامہ اعجاز ملک (مرکزی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن )نے کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کونے کونے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے آقا و مولا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی کے سلسلہ میں محافل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محافل نعت جوش و خروش سے سجاتے اور مناتے ہیں۔ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے قیام سے لیکر آج تک تحریک منہاج القرآن اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرسرپرستی جس عظیم الشان طریقے سے مناتی ہے اسکی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔

محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کامیاب بنانے میں تحریک منہاج القرآن ڈھوں کے عہدیداران چوہدری محمد اعظم، چوہدری وقار احمد، چوہدری طاہر خان مصطفوی (ناظم مالیات) اور تحریک منہاج القرآن ڈھوں کی تنظیم نے بھرپور تعاون کیا۔ پروگرام کے آخر میں تمام شرکا کیلئے ضیافت میلاد کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

 کانفرنس کا اختتام محمد جمیل چوہدری کی خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top