منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا (سپین) کی سپانش کلاس کے طلبہ کا کاتالونیا کی پارلیمنٹ کا مطالعاتی دورہ
منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کی سپانش کلاس کے طلباء نے کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کی قیادت میں مورخہ 18 اپریل 2012ء بروز بدھ کو بارسلونا میں واقع کاتالونیا کی پارلیمنٹ (علاقائی اسمبلی) کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورہ میں طلباء کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ناظم مالیات محمدنواز قادری اور سیکرٹری ویلفیئر محمد اکرم اعوان بھی موجود تھے۔
تمام طلباء صبح 12 بجے منہاج اسلامک سنٹر سے میونسپل بس کے ذریعے Parc de la Ciutadella پہنچے جس کے اندر پارلیمنٹ واقع ہے۔ پارلیمنٹ کے مرکزی دروازہ پر وہاں کے پروٹوکول انچارج Noemi نے طلباء کو خوش آمدید کہا اور پارلیمنٹ میں داخل ہونے کے قواعد وضوابط سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد پارلیمنٹ کے مختلف گوشوں اور ہالوں کا وزٹ کرایا۔ انہوں نے طلباء کو کاتالونیا اور پارلیمنٹ کی تاریخ بھی بتائی۔ پروٹوکول انچارج Noemi کے ہمراہ پارلیمنٹ کے مرکزی ہال (جہاں ممبران پارلیمنٹ دوران اجلاس بیٹھتے ہیں) پہنچنے پر تمام طلباء کو مہمانوں کی نشستوں پر بٹھایا گیا۔ اس موقع پر طلباء نے کاتالونیا کی حکومت اور سیاسی نظام کے بارے میں مختلف سوال کئے جن کے جوابات Noemi اور نوید احمد اندلسی نے دیئے۔
سوال و جواب کے سیشن میں طلباء کی طرف سے پوچھے جانے والے مختلف سوالوں کے جواب میں Noemi نے طلباء کو درج ذیل معلومات دیں۔
- کاتالونیا کی پارلیمنٹ یہاں کا سب سے اہم اورسپریم ادارہ ہے جو ہر معاملے میں کاتالونیا کے شہریوں کی نمائندگی کرتا ہے
- کاتالونیا کی پارلیمنٹ 135 ممبران پر مشتمل ہے جن کا انتخاب یہاں کی عوام انتخاب کے ذریعے کر تی ہے
- پارلیمنٹ کے انتخابات زیادہ سے زیادہ 4 سال بعد لازمی ہوتے ہیں، کاتالونیا کی پارلیمنٹ کے انتخاب کا طریقہ متناسب نمائندگی ہے
- کاتالونیا میں 4 قسم کے انتخاب ہوتے ہیں، بلدیاتی(میونسپل)، علاقائی(کاتالونیا کی پارلیمنٹ)، قومی(سپین کی پارلیمنٹ) اور یورپین پارلیمنٹ
- ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہ 2 ہزار یورو کے لگ بھگ ہوتی ہے اس کے علاوہ انہیں کوئی پروٹوکول نہیں دیا جاتا۔ ممبران پارلیمنٹ کو اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے کسی قسم کا فنڈ بھی نہیں دیا جاتا کیونکہ یہ ذمہ داری بلدیات (شہری حکومتوں) کی ہے۔ اکثر ممبران پارلیمنٹ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں اور بعض سائیکل کا استعمال بھی کرتے ہیں۔
- اگرچہ بل فائٹنگ سپین کا قومی و تاریخی کھیل ہے تاہم کاتالونیا کی پارلیمنٹ نے گذشتہ سال عوامی مطالبہ پر کاتالونیا میں اس کھیل پر پابندی لگا دی ہے۔
- اگرچہ امیگریشن اور تارکین وطن کے بارے میں قانون سازی کے زیادہ تر اختیارات سپین کی مرکزی حکومت کے پاس ہیں تاہم کاتالونیا کی حکومت و پارلیمنٹ بھی تارکین وطن کے حقوق اور ان کی انٹیگریشن کے لئے کام کرتی ہے۔
اس دوران کاتالونیا کے ممبر پارلیمنٹ اور سابق سیکرٹری امیگریشن Oriol Amoros بھی اتفاقا وہاں پہنچے انہوں نے بھی طلباء کو پارلیمنٹ میں خوش آمدیدکہا اور تارکین وطن کے حقوق کے لئے ان کی جماعت ERC اور کاتالونیا کی پارلیمنٹ کا کردار بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ آج سے چند سال پہلے تک پاکستان سے سپین بلوانے کے لئے پاکستان میں بہت سے معاملات کرپشن کا شکار تھے اور رشوت وغیرہ کی شکایات تھیں۔ منہاج القرآن بارسلونا اور دیگر پاکستانی تنظیمات کی طرف سے یہ شکایات ملنے پر ہماری حکومت نے سپین کی وزارت خارجہ کی توجہ اس معاملے کی طرف دلوائی جس سے یہ معاملہ نہ صرف حل ہوا بلکہ اب انتہائی تیزی کے ساتھ فیملیوں کے ویزہ جات پاس ہو رہے ہیں۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ