نا اہل سیاستدانوں نے سیاست جیسے مقدس پیشے کو گالی بنا دیا ہے

حکمرانوں نے حج جیسے مقدس فریضے کو نہیں بخشا، ایک لاکھ روپے کا اضافہ نہایت ظالمانہ ہے
عدل و انصاف ذبح ہو رہا ہے، معاشرہ اجتماعی طور پر بدترین عذاب کی طرف بڑھ رہا ہے
لاہور بم دھماکے کے شہداء کے بلندی درجات کے لیے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی
ڈاکٹر علامہ غلام مرتضٰی علوی کا جامع مسجد المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃالمبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

اسلام مسلمانوں میں اخلاق حسنہ کی بلند ترین اقدار دیکھنا چاہتا ہے جبکہ ہمارا معاشرہ امن، رواداری اور عدل و انصاف کی روایات چھوڑ چکا ہے۔ مفاد پرستی عام ہو چکی، عدل و انصاف ذبح ہو رہا ہے۔ لوٹ مار اور کرپشن دن بدن بڑھ رہی ہے۔ معاشرہ اجتماعی طور پر بدترین عذاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر علامہ غلام مرتضٰی علوی نے مرکزی جامع مسجد المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃالمبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کا اپنے ایمان پر پختہ یقین ہونے کے باوجود مومن کی جو علامات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیان فرمائی ہیں وہ ہم میں دکھائی نہیں دیتیں۔ معاشرے کا ہر طبقہ دوسرے کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو ملک دشمن سمجھتی ہیں اور مذہبی طبقات ایک دوسرے کو مسلمان سمجھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ملکی ادارے محاذ آرائی کی کیفیت میں ہیں۔ ملک اور اس کی غریب عوام لٹ رہی ہے۔ نااہل سیاستدانوں نے سیاست جیسے مقدس پیشے کو گالی بنا دیا ہے۔ لٹیرے حکمرانوں نے حج جیسے مقدس فریضے کو نہیں بخشا، حج کے اخراجات میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ نہایت ظالمانہ ہے۔

حاجیوں کو اخراجات کے اعتبار سے 3 حصوں میں تقسیم کرنا نہ صرف کرپشن کے دروازے کھولنا ہے بلکہ غریبوں سے امتیازی سلوک روا رکھ کر طبقاتی تقسیم کو ہوا دی جا رہی ہے۔ اگر حکمرانوں اور عوام الناس نے اپنے اپنے رویوں میں تبدیلی پیدا نہ کی تو انفرادی سطح پر ہم دین سے دور ہو کر بد اعمالیوں کی دلد ل میں اترتے جائیں گے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ڈاکٹر علامہ غلام مرتضٰی علوی نے لاہور اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کے شہداء کے بلندی درجات کے لیے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top