منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین جاپان مرکز المصطفیٰ پر عظیم الشان محفل گیارہویں شریف

مورخہ: 01 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین کے زیر اہتمام مورخہ 01 مئی2012ء مرکز المصطفیٰ میں عظیم الشان محفل گیارہویں شریف کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت عظیم روحانی بزرگ الشیخ نعمت اللہ نے کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پا ک سے ہوا جس کی سعادت حامد علی نے حاصل کی۔محمد فیصل ملک، محمد عثمان سنی، سید یاسر علی شاہ، اور محمد احسن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں ہدیہ عقیدت پیش کی۔الشیخ نعمت اللہ نے ترکی زبان میں شیخ عبدالقادرجیلانی کی بارگاہ میں منقبت پیش کی جس سے پورے ہال میں ایک وجدانی کیفیت طاری ہو گئی۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے اپنے خطاب میں حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کرام کی سیرت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام کائنات کی ہر چیز سے بڑھ کر اپنے آقاء ومولا تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک اٹھائے تو اس کے صلے میں امت کے سب سے بڑے مفسر قرآن بنادیئے گئے۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث سنتے، لکھتے حافظہ کی لازوال دولت سے سرفراز کر دیئے گئے۔سیدنا بلال حبشی رضی اللہ عنہ ہمہ وقت خدمت پر مامور رہتے فتح مکہ کے موقع پر انہیں کعبۃ اللہ کی چھت پر کھڑا کر دیا گیا۔ حضرت ربیعہ بن کعب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وضوکے لئے پانی کے لوٹے بھرتے انہیں جنت کی خوشخبری سنا دی گئی۔الغرض سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ کو غار ثورمیں ایسا رنگ چڑھایا کہ رہتی دنیا تک ان کا نام باقی ہے، فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کو شجاعت وعدالت عطا فرمائی، سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو سخاوت اور حیاء کا زیور عطا کیا اور سیدنا علی شیر خدا کو دروازہ علم نبوت قرارد یا گیا۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے فرمایا کہ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو بھی میرے آقا نے ایسا نور عطا کیا ہے جو ساری کائنات کے دلوں کو مسخر کر رہا ہے۔آئیے اس مشن میں شامل ہو کر دنیا وآخرت روشن کر لیں۔الشیخ نعمت اللہ اور حافظ محمد سعید نے ختم پاک پڑھا اور سب نے کھڑے ہو کر آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود پیش کیا۔علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی دعا کرائی۔

رپورٹ: محمدانعام الحق

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top