منہاج القرآن انٹرنشنل اٹلی کا ورکرز کنونشن
منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زہراہتمام کارپی میں آل اٹلی تنظیمات کا ورکرز کنونشن مورخہ 26 جولائی 2008 کو منعقد ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کنونشن کی صدارت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی مہمان خصوصی تھے۔ امیر تحریک یورپ علامہ حسن میر قادری، صدر یورپین کونسل سید ارشاد شاہ، نائب صدر منہاج یورپین کونسل نعیم چوہدری، صدر اٹلی منشاد احمد گوندل، سمیع اللہ وڑائچ، شکیل احمد، حاجی احمد اعجاز احمد، حاجی خالد محمود، علامہ اسرار احمد اور دیگر بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
ورکرز کنونشن میں اٹلی کی تنظیمات بلزانو، میلان، بریشیا، چینتو، ریجو ایملیا، مودنہ، بلونیا، آریزو اور میچراتا کے مرکزی عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کارپی، بلزانو اور آریزو سے خواتین کی بڑی تعداد بھی ورکرز کنونشن میں موجود تھی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد اٹلی کے مشہور نعت خوانوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عیقیدت پیش کیے۔ علامہ غلام مصطفیٰ مشہدی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ اس موقع پر انہوں نے ورکرز کنونشن میں خصوصی شرکت کرنے پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں کی اٹلی آمد پر تمام وابستگان تحریک اور کارکنان و رفقاء کی جانب سے شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام ورکرز کنونشن اس بات کی دلیل ہے کہ اٹلی کے کارکنان نے دن رات محنت سے تحریک کو ملک بھر میں پھیلایا ہے۔ ان شاء اللہ ہم دیار غیر میں بھی منہاج القرآن کا پرچم بلند کرتے رہیں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سربراہی میں دین مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ساری دنیا میں پھیلے گا۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ہم وہ خوش نصیب لوگ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے اس مادی دور میں دین کی خدمت کے لیے چنا ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسا عظیم مربی و رہنما عطا کیا ہے جس کے نظریہ، نظام، قیادت، تعلق باللہ و ربط رسالت سے دنیا میں اسلام کا نام روشن ہو رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیمات کی وجہ سے آج ہم اپنی ذات کی بجائے امت محمدی کے لیے سوچنے کے کام میں مشغول ہیں۔
کنونشن کے آخر میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ساری دنیا میں آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ پیغام امن کو لے کر شیخ الاسلام ڈاکٹڑ محمد طاہر القادری کی قیادت میں دن رات ترقی کی راہ پر چل رہی ہے۔ انہوں نے اس عظیم الشان ورکرز کنونشن پر منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی جن کی کاوشوں سے دیار غیر میں بھی ایسے پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔ آپ نے کہا کہ کارکنان کے عظیم حوصلہ اور جرات ہے کہ وہ یورپ میں بھی بڑے بڑے پروگرام منعقد کروا کر عظیم مشن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ آپ نے کہا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اس قوم کو نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی جھلک نظر آئے گی کیونکہ شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن اس کام کے لیے ہمہ تن گوش سرگرم عمل ہیں۔ وکررز کنونشن کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد تمام معزز مہمانوں کو عشائیہ بھی دیا گیا۔ عشائیہ کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کارپی میں اسلامک سنٹر کا افتتاح بھی صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کیا۔ اس موقع پر دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔ اسلامک سنٹر کے افتتاح کے بعد یہاں تمام معزز مہمانوں نے نماز مغرب ادا کی۔
ورکرز کنونشن کے بعد صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے تمام تنظیمات کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں اور ان کے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ منہاج ویمن لیگ کے وفد نے بھی آپ سے ملاقات کی۔
تبصرہ