قیامت خیز لوڈشیڈنگ نے امتحان دینے والے بچوں کو رلا دیا ہے۔ طیب ضیاء

مورخہ: 09 مئی 2012ء

گھی مہنگا ہو یا پٹرول کے نرخوں میں اضافہ عوام بے چارے آہیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کرسکتے
کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کی پرواہ نہیں

اس وقت ملکی تاریخ کی بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ شہروں میں مسلسل 4 گھنٹے اور دیہاتوں میں 8 سے 10 گھنٹوں کی بجلی کی بندش نے واقعتا عوام کو اعصابی مریض بنا کررکھ دیا ہے۔ قیامت خیز لوڈشیڈنگ نے امتحان دینے والے بچوں کو رلا دیا ہے۔ طلبہ اندھیرے میں کیا لکھیں اور کیا پڑھیں، سخت گرمی نے انہیں پریشان کر رکھا ہے۔ مگر کون ہے جو مستقبل کے ان معماروں کی پریشانیوں کو دیکھے اور انکا حل تلاش کرے؟ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی نائب صدر طیب ضیاء نے فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان سے مدثر فاروق کی قیادت میں آئے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر رب نواز، راشد میر اور زبیر احسن گیلانی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ گھی مہنگا ہو یا پٹرول کے نرخوں میں اضافہ عوام بے چارے آہیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، معیشت نقصان میں ہے، سماجی مسائل نے خوفناک صورتحال اختیار کرلی ہے اس کے باوجود ہمارے نام نہاد عوامی حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کی کیا پرواہ، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی چاہے جتنی بڑھے اس نظام کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اس کا کوئی غم اور افسوس نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مقتدر طبقات سے توقع وابستہ کرنے کی بجائے اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے خوداقتدار و اختیار کا مالک بننا ہوگا اور موجودہ نظام انتخاب کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر یہی اندھیرا، یہی مچھر انہیں سونے دیں گے نا جینے دیں گے اور نہ ہی آگے بڑھنے دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top