تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیرِ اہتمام پانچ روزہ دروسِ عرفان القرآن کی تیسری نشست کا انعقاد

چکوال: علامہ محمد انعام مصطفوی نے مکہ میرج ہال تحصیل چکوال میں منعقدہ نشست سے ’’علمِ دین انسان کی حقیقی ضرورت‘‘ کے موضوع پر نہایت ایمان افروز، مدلل اور فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ پر جو پہلی وحی نازل فرمائی وہ بھی علم سے متعلق تھی، جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اسلام میں علم کو بنیادی اور مرکزی حیثیت حاصل ہے، حضور نبی اکرم ﷺ کو پوری انسانیت کے لیے معلم بنا کر مبعوث کیا گیا۔ علم کی معراج یہ ہے کہ انسان اپنی ذات میں انسانیت کے کمال تک پہنچ جائے اور اپنی زندگی کو اخلاق، کردار اور عمل کے اعلیٰ معیار پر استوار کرے۔ دین کا علم ہی انسان کی دنیاوی اور اخروی زندگی کو سنوارنے کا حقیقی ذریعہ ہے، جبکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی عطا کردہ تعلیمات قیامت تک رشد و ہدایت کا سرچشمہ رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک علمی و فکری تحریک کے طور پر علم کے نور سے دلوں اور ذہنوں کو منور کر رہی ہے اور معاشرے میں قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔
علمی و فکری نشست میں قائدین تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز اور چکوال بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات سمیت خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نشست کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکامِ پاکستان اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔





























تبصرہ