حکومت نے چار سالہ دور اقتدار میں قوم کو اندھیروں میں ڈبو کر رکھ دیا ہے

مورخہ: 10 مئی 2012ء

بجلی بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو عوامی احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا جائے گا۔
طلبہ موم بتیاں جلا کر پڑھنے پر مجبور ہیں جبکہ بچے بوڑھے اور بیمار آہ و بکا کر رہے ہیں
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام ماڈل ٹاؤن میں قیامت خیز لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے قائدین کا خطاب

ملکی تاریخ کی اس بد ترین لوڈ شیڈنگ کے باعث ایک طرف تو عوام بلبلا اٹھے ہیں تو دوسری طرف بجلی کی عدم دستیابی نے صنعت کا پیہ جام کر دیا ہے۔ برآمدات ختم ہو کر رہ گئی ہیں روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ شدت کی گرمی سے درجہ حرارت بام عروج پر ہے اور بجلی نہ ہونے سے پینے کی پانی کی عدم دستیابی سے شیر خوار بچے بلک رہے ہیں۔ ان حالات کو دیکھ کر درد دل رکھنے والے شخص کا کلیجہ منہ کو آ جاتا ہے مگر لگتا ہے کہ ہمارے حکمرانوں کا احساس ہی مر گیا ہے۔ اور جب احساس مر جائے تو زندہ انسان بھی چلتی پھرتی لاش ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر جی ایم ملک نے ماڈل ٹاؤن میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قیامت خیز لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں بچے، بوڑھے اور نوجوان شریک تھے۔ مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے اور نام نہاد عوامی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ عوامی احتجاج کی قیادت تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کی۔ جبکہ ڈاکٹر تنویر اعظم، میاں افتخار، سہیل رضا، حافظ غلام فرید، حفیظ اللہ جاوید اور دیگر قائدین نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔

جی ایم ملک نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والی نام نہاد عوامی حکومت نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں قوم کو اندھیروں میں ڈبو کر رکھ دیا ہے۔ کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں۔ طلبہ موم بتیاں جلا کر پڑھنے پر مجبور ہیں۔ بچے بوڑھے اور بیمار آہ و بکا کر رہے ہیں لیکن کسی کے پاس ان کے مسائل سننے کا وقت نہیں۔

امیر لاہور ارشاد طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب بھی اگر قوم نے متحد ہو کر اس موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کے خلاف آواز بلند نہ کی تو ایسے ہی حکمران آئیں گے جو انہیں بجلی تک نہیں دے سکتے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجلی کے بحران سے ستائے معصوم عوام پر تشدد کرنے کی بجائے بجلی کے سنگین ترین بحران پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کریں کیونکہ حکومت کی غفلت جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔ اگر حکومت نے اس بد ترین بحران پر فوری قابو نہ پایا تو عوامی احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top