منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام روحانی اجتماع کی تقریب

مورخہ: 11 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے مرکز المصطفیٰ اباراکی کین میں عظیم الشان روحانی اجتماع (آؤ حضور سے عہد وفا کریں) کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت صدر NPO جاپان صالح محمد افغانی نے کی جبکہ محمد سلیم خان، حافظ فیض اللہ سعیدی، احمد سعید بھٹی (صدر تحریک انصاف جاپان)، محمد نعیم خان، علامہ طاہر جمال (خطیب و امام جامع مسجدالبلال Yoki)، محمد انعام الحق (صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان)، نذیر احمد (صدر پاشیو مسجد)، محمد سکندر (صدر منہاج القرآن چیاکین) بھی شریک ہوئے۔

پروگرام کا آغاز حافظ محمد اویس نے تلاوت کلام پاک سے کیا، محمد فیصل ملک اور نذیر احمد نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے سرانجام دیئے۔ منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے توبہ کی عظمت پر شاندار اور تاریخی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور سے عہد وفا کریں یہ ہے کہ ہم سچی توبہ کریں اور اپنی زندگی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے سانچے میں ڈھالیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہھم اجمعین نے جب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا طوق اپنے گلے میں ڈالا تو ہر چیز سے توبہ کر لی۔ اللہ رب العزت توبہ کرنے والے بندوں کو معاف فرما دیتا ہے۔ گناہ نہ کرنا یہ فرشتوں کی شان ہے اور ہمہ وقت گناہوں میں لت پر رہنا شیطان کی صفت ہے، گناہ کے بعد توبہ کرنا یہ انسان کی صفت ہے۔

حضرت بشر حافی شراب پیتے تھے توبہ کی تو وقت کے ولی بنا دیئے گئے، حضرت فضیل بن عیاض ڈاکو تھے توبہ کے بعد وقت کے غوث بن گئے۔ اللہ کے اولیاء اور نیک وصالحین بندے اپنے آپ کو گنہگار بنا کر اللہ کی بارگاہ میں پیش کرتے۔ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی توبہ کاحال، حضرت یحییٰ علیہ السلام کی توبہ کا حال، حضرت امام زین العابدین رضی اللہ عنہ کی توبہ کے احوال بیان ہوئے تو پورے مجمع کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے روتے ہوئے نوجوانوں سے سوال کیا کہ کیا ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ وفا کی؟ ہماری راتیں کیسے بسر ہوتی ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو ہماری خاطر راتوں کو اٹھ کر روتے تھے۔ نوجوانو آؤ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دست وبازو بن جاؤ۔ منہاج القرآن ہی وہ رستہ ہے جو آپ سب کو بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک لے جائے گا۔ آج یہاں سے بدل کر جائیں تاکہ ہماری زندگیا ں بدل جائیں۔

آخر پر صالح محمد افغانی نے آنے والے مہمانون کا شکریہ ادا کیا اور محمد ایاز، محمد اشفاق خان، فیصل ملک، عمران بیگ، اور محمد انعام الحق اور پوری انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فیضان ہے۔ تمام حاضرین کے وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: سید محمد عثمان شاہ بخاری، اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top