سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی صحابیت نص قرآنی سے ثابت ہے۔ مفتی عبدالقیوم خان

مورخہ: 14 مئی 2012ء

سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ واحد صحابی ہیں جنہیں ’’ثانی الاثنین‘‘کا لقب ملا
سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے خصائص ملت اسلامیہ میں امتیازی حیثیت رکھتے ہیں
غار ثور میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صحبت صرف سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو میسر آئی
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس سے مقررین کاخطاب

سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ کو صحابی قرآن کریم میں خود خدا نے فرمایا ہے، سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی صحابیت نص قرآنی سے ثابت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی اعظم تحریک منہاج القرآن مفتی علامہ عبدالقیوم خان ہزاروی نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ سیدنا صدیق اکبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ صحابہ اکرام میں وہ واحد صحابی ہیں جنہیں ’’ثانی الاثنین‘‘کا لقب ملا۔

انہوں نے حضرت صدیق اکبر کی شان صحابیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی پندرہ آیات مقدسہ میں اللہ تعالیٰ نے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی شان، مقام، مرتبہ، دفاع اور اللہ کریم کی آپ پر رحمت اور شفقت کا ذکر فرمایا ہے۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مختلف علماء اکرام کی تفاسیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غار ثور میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ صرف صدیق اکبر رضی اللہ عنہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے لوگوں نے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے مرتبہ کہ بارے میں پوچھا تو آپ نے فرمایا کہ میں (عمر رضی اللہ عنہ) کہتا ہوں کہ ابوبکر صدیق کی غار کی عبادت میری پوری زندگی کی عبادت سے افضل ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت، ادب، وفا اور معیت میں سب سے آگے تھے۔

مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ بہت بلند اور عظیم تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ وہ ہستی ہیں جنہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانے میں کوئی تردد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہر قدم پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رہے، سب سے زیادہ صحبت آپ کو میسر آئی۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ احادیث مقدسہ میں ہے کہ انسان جہاں دفن ہوتا ہے اس مٹی سے اس کا خمیر اٹھایا جاتا ہے، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و سیدنا ابوبکر صدیق اور سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہم ایک مقام پر دفن ہیں۔ لہذا اس معلوم ہوا کہ تینوں مقدس ہستیوں کا خمیر ایک ہی مٹی سے ہے۔

علامہ میر محمد آصف اکبر قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ میں نے سب کے احسانوں کا بدلہ چکا دیا سوائے صدیق رضی اللہ عنہ کے، صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے احسانوں کا بدلہ اللہ قیامت میں عطا کرے گا۔ جن کے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ فرمائیں ان کا مقام اور شان کیا ہوگی۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے خصائص ملت اسلامیہ میں امتیازی حیثیت رکھتے ہیں۔

کانفرنس میں علماء اکرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک، علامہ محمد لطیف مدنی اور علامہ غلام اصغر صدیقی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top