امام حرمین شریفین الشیخ ماہر المعیقلی کا دورہِ مرکز منہاج القرآن جاپان

مورخہ: 04 اگست 2008ء

رپورٹ : علی عمران

امام حرمین شریفین الشیخ ماہر المعیقلی نے 4 اگست بروز اتوار مسجد المصطفیٰ مرکز منہاج القرآن جاپان کا دورہ کیا۔ امامِ کعبہ کی آمد پر سینکڑوں کی تعداد میں جمع افراد نے اھلاً و سھلاً مرحبا کے نعرے لگا کر آپ کا استقبال کیا اور بچوں کی بڑی تعداد نے قطار میں کھٹرے ہو کر امام کعبہ کو گلدستے پیش کئے اور لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ منہاج القرآن کی انتظامیہ نے صالح محمد افغانی کی قیادت میں امام کعبہ کا فقیدِالمثال استقبال کیا۔ اس موقع پر آپ کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر شیخ نبیل المعیقلی، جاپان میں سعودی سفارت خانے کے تھرڈ سیکرٹری جناب صابور القریشی، ترجمان سعودی سفارتکار عارف کاکی اور عثمان برکیہ آپ کے ہمراہ تھے۔

امامِ کعبہ الشیخ ماہر المعیقلی نے مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان میں نمازِ مغرب اور عشاء ادا کی اور کافی وقت لوگوں میں گزارا، جس پر لوگوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔ امام کعبہ کی آمد پر گرد و نواح مختلف شہروں سے آئے ہوئے لوگوں نے نہایت خوشی کا اظہار کیا اور منہاج القرآن کی انتظامیہ کو اس بڑے انتظام پر مبارکباد دی۔

نمازِ مغرب اور عشاء کے درمیان امامِ کعبہ نے 45 منٹ کا روح پرور خطاب فرمایا۔ یار رہے کہ آپ نے دورہ جاپان میں سب سے طویل خطاب و قیام مرکز منہاج القرآن میں فرمایا۔

اپنے خطاب کے دوران اس بڑے انتظام پر مسرت کا اظہار فرمایا اور اسکے ساتھ امت مسلمہ کی یکجہتی اور متحد ہونے پر زور دیا اور فرمایا کہ آج کے اس نازک دور میں تمام مسلمانوں کا آپس میں اتحاد انتہائی ناگزیر ہے۔ آپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام مسلمان انفرادی طور پر اپنے کردار کو نیک اور صالح بنائیں تاکہ غیر مسلم معاشرے میں اسلام کی خوبصورت مثال قائم ہو سکے۔ امام کعبہ نے مرکز منہاج القرآن جاپان میں اسلامی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی تعلیم و تریبت کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ دیارِ کفر میں مسلمان بچوں کی اسلامی طرز پر تعلیم و تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے اور اسکی خصوصی توجہ پر زور دیا۔

خطاب کے بعد امام حرمین شرفین کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے فون پر گفتگو ہوئی۔ شیخ الاسلام نے امام کعبہ کو مرکز منہاج القرآن جاپان تشریف لانے پر خوش آمدید کہا اور منہاج القرآن لاہور کے وزٹ کی بھی دعوت دی۔ جس پر آپ نے خوشی کا اظہار فرمایا۔

آخر میں امام کعبہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف المنہاج السوی اور عرفان السنہ تحفے میں پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top