کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے جاری سلسلہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 22 مئی 2012ء

کراچی کی صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے جس پر ہر پاکستانی دکھی ہے
ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست قرار دلوا نا چاہتی ہیں، مقتدر طبقے کو ’’مکروہ سیاست‘‘ سے فرصت نہیں
کراچی میں قیام امن کیلئے حکومت کو مصلحت کے دستانے اتار کر عملی اقدامات کرنا ہو نگے

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کراچی میں فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے جاری سلسلہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید ترین مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال انتہائی حساس ہوچکی ہے جس پر ہر پاکستانی دکھی ہے۔ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست قرار دلوا کر اپنے مذموم مقاصدحاصل کرنا چاہتی ہیں مگر افسوس پاکستان کے مقتدر طبقے کو ’’مکروہ سیاست‘‘ سے فرصت نہیں، قوم کو اپنی ترجیحات بدلنا ہونگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے عناصر پر کڑی نگاہ رکھنا ہوگی جو ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر تشدد رویے کو کچلنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ کاروائی کریں اور لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔ کراچی میں قیام امن کیلئے حکومت کو مصلحت کے دستانے اتار کر عملی اقدامات کرنا ہونگے۔ دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کے واقعات ملی و قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم سازش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی روایت کا معاشرے سے اٹھنا ایک المیہ سے کم نہیں۔ ملکی سلامتی کے تقاضے ہیں کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصرکا کھوج لگا کر حقیقی امن قائم کرنے کیلئے واقعی عمل کر کے دکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گھر سے نکلنے والا کوئی شخص محفوظ نہیں، یہ سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کراچی میں قیام امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے حالات باقی ملک کومتاثر کرتے ہیں لہذا ملک کے دیگر علاقوں کو پر امن رکھنے کیلئے بھی کراچی میں امن کا قیام لازم ہے۔ انہوں نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونیوالے معصوم شہریوں کے درجات کی بلندی اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top