پاکستان عوامی تحریک کا 23 واں یوم تاسیس فیصل آباد میں جوش و خروش سے منایا گیا
پاکستان عوامی تحریک کا 23 واں یوم تاسیس پور ے ملک کی طرح فیصل آباد میں بھی جوش و خروش سے منایا گیا۔ ضلعی آفس میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام کو نظام کہنا جمہوریت کی توہین ہے۔ اسکے تحت 100 سال بھی الیکشن ہوتے رہیں تو کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئے گی۔ قوم موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج ملک میں آئیڈیالوجی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں۔ مخصوص خاندانوں کی سیاست وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت بنادیاگیاہے۔ کرپٹ لوگوں کا سیاسی کردار ختم کرنا ہوگا۔ کرپشن سیاستدانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے ۔عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے۔ مذہبی، سیاسی جماعتیں نظام کی اور نظام ان کا محافظ ہے۔
تقریب میں پروفیسر غلام مرتضیٰ، میاں محمد امجد، غلام محمدقادری، طارق محمود انجم، محمد صدیق قادری، جعفر حسین گجر، رانا کرامت علی، رانا ناصر، لیاقت علی گجر، عبدالحمید بھی موجود تھے۔ انہوں نے سالگرہ کا کیک بھی کاٹا انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ نظام کے خلاف عوام باہر نہ نکلی تو ملک کی سلامتی کو لاحق خطرات مزید شدید ہوجائیں گے اوراس کی ذمہ داری پوری قوم پر ہوگی۔ اب بھی وقت ہے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کوسمجھ کر ملک کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت کے لیے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہوگا تاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اورعزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کے لیے جذبہ حب وطنی کو بیدار کرنا ہوگا۔ ہمارا مشن اور منشور عوامی شعور کی بیداری ہے۔ ہم موجودہ بوسیدہ اورکرپٹ نظام کو نہیں مانتے۔ کرپشن زدہ گلے سڑے نظام نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔ منافقت اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا۔
تبصرہ