پاکستان عوامی تحریک کا 23 واں یوم تاسیس

مورخہ: 27 مئی 2012ء

پاکستان عوامی تحریک کے 23 ویں یوم تاسیس کے موقع پر 25 مئی 2012ء کو مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پاکستان عوامی تحریک کے قائدین و عہدیداران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پرنسپل سیکرٹری جی ایم ملک، افضل گجر، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، جواد حامد، حافظ غلام فرید اور پاکستان عوامی تحریک کے دیگر مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے 23ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا کیا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم کو نام نہاد جمہوریت کے جال میں پھنسا دیا گیا ہے۔ یہ سرمایہ دارانہ جمہوریت اور تجارتی سیاست ہے جس کا رواج اس وقت پاکستان میں عروج پر ہے، اسے جمہوریت کہنا اس کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام، جمہوریت نہیں نظام مجبوریت ہے۔ قوم حقیقی تبدیلی چاہتی ہے تو موجودہ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کر کے سڑکوں پر نکل آئے۔

انہوں نے کہا کہ بہت ہی کم لوگوں کو چھوڑ کر غالب اکثریت اس ملک کے اقتدار کے ایوانوں اور سیاست پر ایسے لوگوں کی قابض ہے جن کا امانت میں کوئی کردار نہیں، دیانت میں کوئی درجہ نہیں۔ اخلاص میں کوئی مقام اور وفاداری میں کوئی سطح نہیں، قوم انہیں لوگوں کی راہنمائی اور اقتدار کا حق دار سمجھتی ہے۔ ہزار گالی بھی دیتی ہے اور ووٹ بھی جا کر انہیں کو دیتی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عوام کو بحران سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ قوم حقیقی تبدیلی چاہتی ہے تو موجودہ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کر کے سڑکوں پر نکل آئے۔ جس نظام سیاست کو جمہوریت کہا جا رہا ہے اس نظام کے ذریعے جو پارلیمنٹ وجود میں آئے گی اس سے ملک و قوم میں تبدیلی نہیں بلکہ مزید مایوسی جنم لے گی۔

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو ملک میں معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرنا ہو گا۔ ہم 23 سال سے پاکستان عوامی تحریک میں صرف اس لئے ہیں کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت سے ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گا تاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ ہم موجودہ بوسیدہ اور کرپٹ نظام کو نہیں مانتے اور پاکستان عوا می تحریک کا منشور اور مشن عوامی شعور کی بیداری ہے۔

جی ایم ملک اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات ایسی نہج پر پہنچ چکے ہیں، جب عوام میں بغاوت کا جذبہ بھی بڑھ رہا ہے۔ لیکن نظام کے خلاف عوام اب بھی باہر نہ نکلے تو ملک کی سلامتی کو لاحق خطرات مزید شدید ہو جائیں گے، جس کی ساری ذمہ داری قوم پر ہو گی۔ اب بھی وقت ہے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو سمجھ کر ملک کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کہا کہ آج پاکستان مہنگائی، کرپشن، لاقانونیت سمیت دہشت گردی کے بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن زدہ گلے سڑے سیاسی نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ منافقانہ اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا۔ اور اس کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری ہے۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top