حقیقی تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی

مورخہ: 30 مئی 2012ء

ریاستی و آئینی ڈھانچے کو نہیں، کرپٹ نظام انتخاب کو بدلنا چاہتے ہیں
عوام موجودہ نظام کو بچانے والے لیڈروں اور نظام دونوں کو ٹھکرا دیں
توانائی کے بحران سے جرائم ور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ’’تبدیلی نظام ورکرز کنونشن‘‘ سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ حقیقی تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی۔ موجودہ انتخابی نظام ملک اور عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ 2 فی صد کی عیاشی کے نظام کو جمہوریت کہنا درست نہیں موجودہ ظالمانہ نظام میں 18کروڑ کو جینے کا حق بھی نہیں ہے عوام سے بنیادی ضروریات زندگی تک چھین لی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں’’ تبدیلی نظام ورکرز کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکرز کنونشن میں پورے پاکستان سے عوامی تحریک کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے سنیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، پرویز اقبال گوندل، پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈدوکیٹ، چودھری افضل گجر، ڈاکٹر تنویر اعظم، جوادحامد، حافظ غلام فرید، میاں افتخار اور دیگر مرکزی صوبائی اور ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک آئینی اور ریاستی ڈھانچے کو بدلنے کی بات نہیں کرتی بلکہ ہم تو اس کرپٹ نظام انتخاب کو بدلنا چاہتے ہیں جو سیاسی پارٹیوں اور مفاد پرست طبقے نے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے قائم کر رکھا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے سنیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تبدیلی لیڈر نہیں عوام لاتے ہیںلہذا عوام کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ نظام کو بچانے والے لیڈروں اور نظام دونوں کو ٹھکرا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موجودہ نظام کی خرابیوں نے عشروں سے ملکی سیاست کو عوام کیلئے ناسور بنا رکھا ہے۔ پارلیمنٹ نے آج تک عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی ایک بھی ترمیم نہیں کی جبکہ اراکین پارلیمنٹ، وزراء اور امراء کیلئے آئے روز ترامیم کی جا رہی ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی زندگی میں بحرانوں کا سلسلہ ماضی کی طرح جاری ہے۔ مہنگائی کی بلائے بے درماں نے عوامی زندگی کو جس بے دردی سے جکڑ رکھا ہے اس سے نجات کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی بلکہ روز بروز اس کی بے رحم گرفت میں شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے۔ مصائب و آلام نے قوم کو لہولہان کر کرھا ہے، لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، توانائی کے بحران سے جرائم ور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات و واقعات عوام کے سامنے ہیں۔ پاکستان میں کرپشن، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بدامنی، دہشت گردی میں اضافے نے اس حقیقت کو قوم کے سامنے واضح کر دیا ہے کہ اب مسئلہ صرف چند چہروں کا نہیں جن کے بدلنے سے حالات بدل جائینگے۔ بلکہ حالات کو سدھارنے اور حقیقی تبدیلی کیلئے اس فرسودہ نظام کو دریا برد کرنا ہو گا۔ ورکرز کنونشن سے پاکستان عوامی تحریک کی دیگر صوبائی اور ضلعی قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top