میلاد فیسٹیول 2012 : دی ہیگ، ہالینڈ

مورخہ: 27 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل یوتھ لیگ دی ہیگ ہالینڈ کے زیراہتمام 27 مئی 2012ء کو عظیم الشان میلاد فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری تھے، اس پروگرام میں پاکستانی اور مقامی ڈچ، ترکش، مراکش، افریقی اور ہالینڈ میں رہنے والے دیگر ممالک کے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد اور ہدف نوجوان نسل کو اسلامی اقدار سے آگاہی اور محسن انسانیت، نبی مکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے معاشرے میں امن و محبت اور باہمی احترام کے ذریعے زندگیوں میں اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا تھا۔

اس فیسٹیول کا اہتمام دی ہیگ شہر کے وسط میں ایک خوبصورت ہال میں کیا گیا تھا۔ پروگرام میں جرمنی، بلجیم، فرانس، ناروے اورانگلینڈ سے بڑی تعداد میں وفود نے شرکت کی، جس میں علامہ حسن میرالقادری، علامہ حافظ اقبال اعظم، اعجاز احمد وڑائچ، اور میڈیا کے دیگر احباب کے ساتھ دی جذبہ یورپ کے ڈائریکٹر چوہدری محمداعظم نمایاں تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے آپ کو پورے جہانوں کے لیے رحمت بنایا ہے، اسی طرح اپنے نبی کو بھی تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جس طرح خاتم النبین ہیں، آپ کا مقام رحمت بھی اسی طرح تا قیامت ہے۔ آپ پوری دنیا کوبلا تفریق و بلا امتیاز ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے کی تلقین فرماتے رہے اور آپ کی قائم کردہ ریاست مدینہ میں یہودی اور عیسائی بھی اپنے حقوق سے برابری سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ ایک دفعہ کسی یہودی کا قتل ہو گیا اور مقدمہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں آیا۔ قتل کرنے والا مسلمان تھا اس کے باوجود آپ نے قاتل کو انتہائی سزا دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور میرے نزدیک ہر انسان کی جان بھی برابر درجہ رکھتی ہے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین نے تلقین کی کہ یورپ میں رہنے والے آپس میں باہمی محبت اور ایک دوسرے کے معاشرتی قدروں کا بھی احترام کریں اور معاشرے میں مکمل امن اور بھائی چارے کے ماحول کو فروغ دیں۔ یہی اسلامی تعلیمات ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اپنے امتی کو حکم بھی ہے۔

میلاد فیسٹول میں امریکہ سے تشریف لائے ہوئے ممتاز اسلامک اسکالر نینوے الیحیٰ نے یورپ میں مسلمان امہ کو اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور موجودہ حالات کے تناظر میں دنیا کو کس طرح امن اور محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے؟ کے فلسفے کو حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ ِحسنہ کی روشنی میں بیان کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ برطانیہ کے مشہور نشید گروپ شام نے بارگاہ رسالت مآب میں درود سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ جبکہ دیگر نشید گروپس بھی دوران پروگرام نعتیہ کلام پیش کرتے رہے۔

پروگرام میں لگائے گئے منہاج ویلفیئر سوسائٹی کے اسٹال کے ذریعے افریقہ، پاکستان اور دنیا کے ممالک میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کے ضمن میں کی گئی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا اور شرکاء میلاد فیسٹیول سے بہت دعاؤں کے ساتھ دادِ تحسین حاصل کی۔

استاد تسنیم صادق القادری نے معزز مہمانوں کے شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن ایجوکیشنل پروگرامز کی تفصیلات سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ میلاد فیسٹول میں ننھے بچوں کے لیئے بھی خصوصی پروگرامز ترتیب دیئے گئے تھے تاکہ امت مسلمہ کے ان نونہالوں کو بچپن سے ہی اسلامی اقدار اور اللہ کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے آگاہی کا عمل جاری ہو۔

پروگرام کے آخر پر تمام شرکاء میں خوبصورت گلاب کے پھولوں کے ساتھ تحائف بھی تقسیم کیے گئے اور دعائے خیر سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top