مرکز المصطفیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان میں ایصا ل ثواب کی محفل کا انعقاد
منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے مرکز پر افتخار علی کی والدہ، احمد سعید بھٹی کی خالہ جان، پھوپھو اور پاکستان میں قتل ہونے والے کزن عابد علی کے ایصال ثواب کے لئے مورخہ 30 مئی 2012ء کو جامع مسجد المصطفیٰ مرکز پر محفل منعقد ہوئی جس میں جاپان بھر کے سیاسی و مذہبی حلقوں نے شرکت کی۔
پروگرام کی نقابت صدر منہاج مصالحتی کونسل جاپان محمد انعام الحق نے کی۔ تلاوت ونعت امانت علی گوندل نے پیش کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے اپنے خطاب میں مرحومین کے لواحقین کو صبر کی تلقین کی اور کہا کہ دو ہفتوں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت یقینا اہل خانہ کے لئے ایک آزمائش سے کم نہیں مگر ہم سب اللہ کی امانت ہیں اورا یک نہ ایک دن سب نے اس کے پاس لوٹ کر جانا ہے لہذا اپنی تیاری مکمل کر لیں۔ زندگی موت کی امانت ہے لہذا اسے اچھے طریقے سے گذاریں۔انہوں نے افتخار علی کو بھی صبر کی تلقین کی اور کہا کہ بلاشبہ ماں ایک عظیم نعمت ہے، پردیس میں انسان بے بس ہوجاتاہے پس نیک اولاد مرنے کے بعد بھی اپنے والدین کے لئے صدقہ جاریہ ہوتی ہے۔
سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں ایک گنہگار شخص نے مرنے سے پہلے اپنی بیوی کو حاملہ چھوڑا، اس نے ایک بچے کو جنم دیا جس دن بچے نے مدرسہ میں جا کر بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھا اللہ تعالیٰ نے اس گنہگار والد کے عذاب کو معاف کردیا۔ یہ واقعہ تفسیر روح البیان میں درج ہے۔اگر بنی اسرائیل کا امتی بسم اللہ الرحمن الرحیم کے صدقے بخشش پاگیا تو یقینا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کو بھی اس محفل اور فاتحہ خوانی، قرآن خوانی، نعت خوانی اور صدقہ وخیرات کا ثواب ضرور پہنچے گا۔ پروگرام کے اختتام پر جملہ شرکاء کو لنگر پیش کیاگیا۔
رپورٹ: محمد اعجاز رمضان کیانی
تبصرہ