منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر انتظام تعلیمات اولیاء کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 29 مئی 2012ء کو تعلیمات اولیاء کانفرنس منعقد ہوئی جس میں نقابت کے فرائض صدر منہاج مصالحتی کونسل محمد انعام الحق نے ادا کئے۔ قاری محمد حامد نے تلاوت کلام پاک سے آغاز کیا، ٹوکیو کے مشہور نعت خواں محمد سعید، محمد نذیر اور عون شاہد نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
منہاج القرآ ن انٹرنیشنل اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوں جوں مادیت بڑھتی جا رہی ہے اولیا ء کرام سے نسبت کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اولیاء کے فیضان سے چلتی ہے۔ اس تحریک کو شیخ عبدالقادر جیلانی، خواجہ معین الدین چشتی اجمیری، کے در سے فیض ملتا ہے یہ فیضان اولیاء کی امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انسان اپنی ہر خواہش اللہ اوراس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تابع نہ کردے ولایت نہیں ملتی۔اپنے نفس کو مارنا پڑتا ہے۔ ولی شریعت کا تارک نہیں ہوسکتا۔اسے دیکھ کر اللہ کی یاد آتی ہے۔
ولی اللہ کی زندہ مثال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہیں جو فنا فی الرسول کے درجہ پر فائز ہیں۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے مختلف اولیاء کرام کے حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیاء جب اپنے آپ کواللہ کے سپرد کردیتے ہیں تواللہ بھی ان سے محبت فرمانا شروع کردیتا ہے۔جب بندہ اپنے آپ کو اپنے مولا کے سپر د کردے اور اپنی مرضی اس کی رضا پر چھوڑدے تو درجہ ولایت مل جاتا ہے۔پروگرام میں ایاز محمود، صالح محمد افغانی، عمران بیگ اور حنیف مغل نے خصوصی شرکت کی۔
رپورٹ: محمد اعجاز رمضان کیانی
تبصرہ