نظامت تربیت کے زیراہتمام مرکز پر معلمین ومعلمات ٹریننگ کیمپ
نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مورخہ 27 مئی 2012 کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک روزہ معلمین ومعلمات ٹریننگ کیمپ آئیں حدیث سیکھیں کورس منعقد ہوا، جس میں 256 معلمین ومعلمات شریک ہوئے۔ کیمپ کا دورانیہ 9am تا 5pm تھا جس میں شرکاء کو مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری شاہد عظمت نے جبکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حافظ رب نواز نے حاصل کی۔ اس کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تربیتی حوالے سے خصوصی خطاب سنایا گیا۔
علامہ غلام مرتضی علوی نے کیمپ میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کا مقصد حفظ حدیث کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے حفظ حدیث کی ضرورت واہمیت کو مدلل انداز میں بیان کیا ہے۔ اس کیمپ میں علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر نے خصوصی شرکت کی جنہوں نے بڑے احسن انداز میں تمام شرکاء کو تدریسی فارمولے، اصطلاحات حدیث اور اصول حدیث پر مفصل اور جامع لیکچر دیا۔ ٹریننگ کیمپ میں آئیں حدیث سیکھیں کورس کو ہی نصاب کے طور پر رکھا گیا اور زیادہ توجہ طریقہ تدریس پر دی گئی۔ اس کیمپ میں علامہ محمد شریف کمالوی نے چالیس احادیث میں سے بیس احادیث تجوید وقرات کے ساتھ حفظ کروائیں۔ اس دوران تدریس کے لئے مختلف تدریسی معاونین کو بھی استعمال کیا گیا۔
کیمپ کے آخر پر علامہ غلام مرتضی علوی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس کیمپ کے انتظامی امور علامہ غلام ربانی تیمور اور ان کی پوری ٹیم حاجی محمد طیب، محمد عمیر، محمد منہاج الدین قادری، محمد وسیم اور عظمت فرید جوئیہ نے سرانجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ
تبصرہ