عوام کو بیوقوف بنانے کا نام سیاست رہ گیا ہے۔ فیض الرحمن درانی

مورخہ: 05 جون 2012ء

افسوس سیاسی جماعتوں نے منشور کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے
سیاسی شعبدہ بازی کو ملک و قوم کا مفاد قرار دینے والے کو عوام اور ملک سے کوئی دلچسپی نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی کی سرگودھا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو لاہور

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ افسوس سیاسی جماعتوں نے منشور کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے اب عوام کو بیوقوف بنانے کا نام سیاست رہ گیا ہے۔ 2 فیصد مقتدر طبقے کی کرپشن اور لوٹ مار ہمارے سیاسی کلچر کی وہ گھناؤنی تصویر ہے جسمیں عوام کے حقوق کہیں دکھائی نہیں دیتے۔ موجودہ پارلیمنٹ جس نظام کی پیداوار ہے اسے جڑوں سمیت اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے اسمبلی میں پہنچ سکیں۔ سیاسی نورا کشتی دوبارہ عروج پر ہے، ملکی مفاد اور عوامی حقوق کی کسی کو پرواہ نہیں ہے ایسے رویے صرف پاکستان کی سیاست کا خاصہ ہیں، جس کے باعث ملک اخلاقی، سماجی، معاشی و سیاسی بحران کا شکار ہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک سرگودھا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے ہونے والی سیاسی شعبدہ بازی کو ملک و قوم کا مفاد قرار دینے والے کو عوام اور ملک سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ پاکستان کا نام نہاد انتخابی نظام سیاست پر قابض چند خاندانوں کو عوام کے حقوق کے ساتھ کھیلنے کی کھلی چھٹی دیتا ہے اس لئے عوام کو اسکے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت اگلے 50 سال میں بھی عوام کیلئے کوئی مثبت تبدیلی نہ آسکے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top