منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس کے زیر اہتمام ماہانہ محفل گوشہ درود
منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس کے زیر اہتمام مورخہ 03 جون 2012ء بروز ہفتہ رات 9 بجے ماہانہ محفل گوشہ درود منعقد ہوئی جس کی صدرات حاجی خلیل احمد(سرپرست منہاج القرآن گارج لے گونس، فرانس) نے کی۔ محفل میں گارج لے گونس کی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران، منہا ج القرآن یوتھ لیگ اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نورالامین قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد حاضرین مجلس نے مکمل یکسوئی کے ساتھ اجتماعی طور پر تسبیحات کے ذریعے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کے پھول نچھاور کئے۔ اس کے بعد فیضان علی، نعمان صابر، اشتیاق احمد، ارشد حسین، راجہ رضوان اور زاہد محمود چشتی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے ڈپٹی ڈائریکٹرعلامہ چودھری رازق حسین نے درود وسلام کی فضیلت احادیث مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ساری کائنات کی بزم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے سجائی اور کائنات کی اس عظیم ترین ہستی سے تعلق کا بہترین ذریعہ درودسلام ہے۔ ہمیں اس زندگی کو غنیمت جانتے ہوئے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں یکسوئی کے ساتھ درودپاک پڑھنا چاہئیے تاکہ قیامت والے دن اللہ رب العزت ہمیں آقاء علیہ السلام کے قرب سے نوازے۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا اور جملہ شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ: محمد علی رضا
تبصرہ