تحریک منہاج القرآن دولتالہ جاتلی کے زیراہتمام محفل میلاد

مورخہ: 26 مئی 2012ء

تحریک منہاج القرآن دولتالہ حلقہ پی پی 4 کے یونٹ بھیر کلیال یونین کونسل جاتلی کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد رہائش گاہ راجہ ظفر محمود (ناظم تحریک منہاج القرآن یونین کونسل جاتلی) کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک سے محفل کا آغاز حضرت علامہ کفائت اللہ نے کیا جبکہ خصوصی نعت حاجی محمد بخش نے پیش کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض سہیل ایوب نے ادا کئے۔

محفل میں چوہدری محمد اسحاق (ناظم تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4)، قاضی محمد افضل (نائب صدر تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4)، قاری محمد یعقوب قادری، حاجی محمد بخش، مرزا محمد اجمل، ماسٹر مصروف حسین، شوکت علی کیانی، شفقت نواز، شیر افضل اور راجہ ثاقب جمیل نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں علاقہ بھر سے عوام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت۔

محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ افضال احمد قادری مرکزی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اللہ تعالیٰ نے درودوسلام پڑھنا تمام مومنوں اور فرشتوں پر فرض قرار دیا ہے۔ درودوسلام پڑھنا اللہ تعالیٰ کی واحد سنت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی تمام فرائض و واجبات کی قبولیت کی ضمانت نہیں ہے، انہیں اللہ تعالیٰ چاہے قبول کرے یا غارت کردے وہ اختیار کا مالک ہے مگر درودوسلام کی وہ ضمانت دیتا ہے کہ میں ایسی عبادت کو ہر حال میں قبول کرتا ہوں۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام ایسی عبادت ہے جو قیودوحدود سے مبرا ہے۔ اس لئے ہمیں ہر وقت کثرت کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاۂ اقدس میں درود وسلام کے نذرانے پیش کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکز لاہور میں گوشۂ درود قائم کرکے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اپنا اور تحریک منہاج القرآن کے تمام کارکنان کا حقیقی معنوں میں عشقی و حبی تعلق قائم کردیا ہے۔

محفل کا اختتام علامہ افضال احمد قادری کی خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top