جامع مسجد غوثیہ یاشیو (جاپان) میں محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 08 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 08 جون 2012ء کو جاپان کی تاریخی اور مشہور مسجد غوثیہ یاشیو میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظیم الشان محفل منعقد ہوئی، جس میں گرد و نواح سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شروئی چیباکین سے سکندر علی اور امجد علی، اباراکی کین مرکز المصطفیٰ سے انعام الحق (صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان)، عمران بیگ، فیصل ملک، محمد حنیف مغل، مظہر حسین، یٰسین بٹ اور علامہ محمد شکیل ثانی بھی ایک قافلے کی صورت میں پہنچے جبکہ ٹوکیو، سائتاماکین، یاشیو اور یوکی سے بھی احباب نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ مطلوب احمد نے حاصل کی۔ جبکہ نقابت کے فرائض مسجد کمیٹی کے نذیر احمد نے ادا کئے۔ محمد سعید احمد، حافظ مطلوب احمد اور جنید احمد نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام کی صدارت محمد انعام الحق نے کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے کامیاب پروگرام پر مسجد کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ شکیل احمد ثانی نے واقعہ معراج کو سب سے عظیم معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے معجزات دیگر انبیاء کرام کو عطا کئے گئے تاکہ منکرین کو بوقت انکار رسالت و توحید قائل کیا جاسکے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارک کو ہی معجزہ بنا دیا گیا۔ آپ کی ہر ادا ہی معجزہ تھی۔ آپ کا کھانا پینا، چلنا پھرنا، انگلی پر چاند کا ناچنا، ڈوبا سورج پلٹنا، چاند کے ٹکڑے کر کے زمین پر لانا، ابوجہل کی بند مٹھی میں پتھروں سے کلمہ پڑھانا، قتادہ کی آنکھ کا نور پلٹنا، کڑوے کنویں میٹھے فرمانا سب معجزات تھے جو انسانی عقل میں نہیں آسکتے اسی طرح معجزہ معراج بھی انسانی عقل سے ماورا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معراج کی رات امت کو نماز اور بخشش کا تحفہ دیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے اپنی نماز کی حفاظت کی جائے اور محبت کا حق تبھی ادا ہو گا کہ محبوب خدا کے تحفہ معراج یعنی نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک بنایا جائے اور کسی بھی حال میں نماز قضا نہ ہونے پائے۔ یہی پیغام معراج ہے اور منہاج القرآن کی تعلیم بھی یہی ہے۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top