بیداری شعور ورکرز کنونشن (اوکاڑہ)

مورخہ: 08 جون 2012ء

تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ کے زیراہتمام مورخہ 8 جون 2012ء بروز جمعۃ المبارک "اوکاڑہ آرٹس کونسل" ضلع کچہری میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم اور سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ دیگر مہمانان گرامی میں ضلعی امیر محمد حفیظ قادری، نائب امیر محمد مشتاق، نائب صدر چوہدری ریاست علی چدھڑ، صدر تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ خالد محمود قادری، صدر حویلی لکھا حاجی محمد ریاض سدیدی، صدر رینالہ خورد حاجی محمد بشیر عظیمی، صدر دیپالپور چوہدری تصدق حسین اور صدر حجرہ شاہ مقیم سہیل فریدی بھی پروگرام میں شریک ہوئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید  سے ہوا جس کی سعادت قاری عظمت علی شاہ سیفی نے حاصل کی جبکہ آقا دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت حافظ محمد وقاص نے حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض شبیر جامی نے ادا کیے۔ مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور امیر پنجاب احمد نواز انجم پر گل پاشی کرتے ہوئے پرتباک انداز میں استقبال کیا گیا۔ سٹیج کو بینرز سے انتہائی خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ ہال کی تمام سیٹیں بھری ہوئی تھیں۔ ویمن لیگ، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، علماء کونسل، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ کے تمام عہدیداران کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 

اس عظیم الشان کنونشن میں میزبان صدر خالد محمود قادری نے تمام تحصیلوں کے صدور اور کارکنوں کو خطبہ استقبالیہ دیا۔ اس کے بعد امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے خطاب کیا جس میں انہوں نے مختصراً اعتکاف مہم اور زکوٰۃ مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر سایہ چلنے والے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں بذریعہ پروجیکٹر شیخ الاسلام کا خطاب سنایا گیا جس میں شیخ الاسلام نے زکوٰۃ مہم اور اعتکاف مہم کو شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام عہدیداران و کارکنان اپنے کام کو گرمجوشی، محنت اور خوش اسلوبی سے کریں۔ پنجگانہ نماز قائم کریں۔ تمام عہدیداران و کارکنان اعتکاف میں شرکت کریں۔ یہی دس دن انسان کی زندگی کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔

بعد ازاں مہمان خصوصی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ 4 نومبر 2012ء کا دن تحریک منہاج القرآن کے لیے بہت بڑا دن ہو گا۔ ہمیں چاہیے کہ جوق در جوق اور خوشی سے 4 نومبر 2012ء کو اپنے محبوب قائد کا استقبال نہیں کیا شاید زندگی وفا نہ کرے اس لیے آج سے اپنے محبوب قائد کے والہانہ استقبال کی تیاریاں شروع کر دیں۔ اس کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں یونٹ سازی مکمل کریں۔ تمام علاقہ کی تنظیمات کو مکمل کریں اور ہر یو سی میں پانچ پانچ یونٹ قائم کیے جائیں۔ اور تمام تنظیمیں اعتکاف مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ مینار پاکستان پر سٹیج پر مہمانوں کے لیے تقریباً دس ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے اپنا ٹارگٹ 4 نومبر 2012ء کو 6 لاکھ سے زائد دیا۔ اس لیے اگر ہماری بہنیں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کر سکتی ہیں تو مرد حضرات کو ان سے بڑھ کر شرکت کو یقینی بنانا چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اعتکاف میں شامل کریں تاکہ وہیں انکو اگلا ٹارگٹ دیا جا سکے۔ تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز اپنی تمام تر توانائیوں اور صلاحیتوں کو اپنے محبوب قائد کے استقبال کے لیے صرف کر دیں تاکہ شیخ الاسلام کے استقبال میں کوئی کسر باقی نہ رہ جائے۔ تحریک کا اصل کارکن وہ ہے جو نماز کو قضا نہیں کرتا ہمیں چاہیے کہ ہم نماز کی پابندی کریں۔ اوکاڑہ کا یہ ورکرز کنونشن اپنی مثال آپ ہے تمام عہدیداران اور ورکرز کنونشن کی انتظامیہ اور تمام فورمز کے عہدیدارن کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں ہم تمام ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

سینیئر نائب ناظم اعلیٰ اور احمد نواز انجم نے صدر تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ اور ناظم نشر واشاعت کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ ورکرز کنوشن کے بعد شیخ گلفام علی نمائندہ ایشین نیوز نیٹ ورک انٹرنیٹ (ANN) نے شیخ زاہد فیاض کا مختصر انٹرویو کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف اٹھنا ہو گا۔ مصر میں صرف ایک حسنی مبارک تھا لیکن پاکستان میں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف اٹھنا ہو گا۔ پاکستانی قوم چار یا پانچ سال حکمرانوں کو گالی گلوچ اور برا بھلا کہتی ہے جب الیکشن قریب آتے ہیں وہی لوگ جو کل تک برے ہوتے تھے وہ اچھے ہو جاتے ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام رزقِ حلال کمانے والے کو موقع نہیں دیتا اگر اسکو جونہی قسمت سے موقع مل بھی جائے تو فرسودہ انتخابی نظام اسکو آگے نہیں آنے دیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ انتخابی نظام وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا ہے۔ پاکستانی قوم ووٹ کسی منشور کو یا شخصیت کے کردار کو نہیں دیتی بلکہ صرف برادری ازم وڈیرہ شاہی اور سرمایہ دار کے چنگل میں پھنسی ہوئی ہے۔ اس کے برعکس ترقیاتی ممالک میں ووٹ صرف منشور یا اچھے کردار کے حامل شخصیات کو ہی ملتا ہے۔ یہاں سب الٹ ہے پاکستان میں حلقہ بندی کی سیاست ہے ووٹ کے وقت پاکستانی قوم کو صرف اسلام یا شخصیت یاد رہ جاتی ہے۔ ملک کے مفاد میں ہے یا نہیں یہ قوم کو نہیں معلوم ہوتا۔ جب تک قوم اپنے آپ کو درست نہیں کرے گی تب تک پاکستان کے حالات درست نہیں ہو سکتے۔ اس لیے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حکم پر بیداری شعور مہم کا آغاز پھر سے شروع کر دیا ہے۔ تاکہ عوام میں شعور کو بیدار کیا جائے۔ تحریک منہاج القرآن عوامی تحریک نے اس مشن پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ عوام کو اس فرسودہ کرپٹ انتخابی نظام سے بچایا جا سکے۔

اوکاڑہ (رپورٹ شیخ گلفام علی حسین قادری ناظم نشر واشاعت تحریک منہاج القرآن )

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top