منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا (سپین) کے زیر اہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام مورخہ 16 جون 2012ء کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سالانہ محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں اہل بارسلونا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پا ک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرزاق نقشبندی نے حاصل کی۔ محمد جلیل، حافظ محمد عاطف، محمد قدیر احمد خان اور دیگر نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ حافظ محمد عابد نقشبندی نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم منہاجین نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سفر معراج کے موضوع پر قرآن وحدیث کی روشنی میں تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پانچ نمازوں کا تحفہ دیا گیا، لہذا ہمیں اپنی زندگی میں نماز کی پابندی کرنی چاہئے۔ علامہ اقبال اعظم نے خطاب کے آخر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے عظیم الشان منصوبہ آغوش کے حوالہ سے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ آغوش کی عمارت مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے اہل بارسلونا کو ان کے خصوصی تعاون پر مبارکباد پیش کی۔

پروگرام کے اختتام پر رات 2 بجے صلواۃ التسبیح ادا کی گئی۔ جس کے بعد قاری عبدالرزاق نقشبندی نے خصوصی دعا کرائی۔ منہاج القرآن بارسلونا کی نظامت اجتماعات کی طرف سے اس موقع پر سحری کا انتظام بھی کیا گیا۔ شرکاء محفل نے سحری کی اور نماز فجر کی ادائیگی پر محفل اختتام پذیر ہوئی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top