معراج النبی کانفرنس 2012

مورخہ: 17 جون 2012ء

مورخہ 18 جون 2012ء کو منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام معراج النبی کانفرنس تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صفہ ہال پر منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کی۔ اس موقع پر قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، بریگیڈیئر (ر) عبیداللہ رانجھا، علامہ محمد جعفر شمسی، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ محمد عثمان سیالوی، جواد حامد، راجہ محمد جمیل اجمل، دیگر علماء و مشائخ، مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں لاہور بھر سے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب بذریعہ پروجیکٹر سنوایا گیا۔ کانفرنس کی مکمل کارروائی منہاج ٹی وی کے ذریعے دنیا بھر میں براہ راست نشر کی گئی۔

شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وقوع پذیر ہونا تاریخ ارتقائے نسل انسانی کا ایک ایسا درخشندہ باب ہے جس کا ایک ایک حرف عظمت و رفعت کی ہزارہا داستانوں کا امین اور عروج آدم خاکی کے ان گنت پہلوؤں کا مظہر ہے۔ نقوش کف پائے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے لوح افلاک پر شوکت انسانی کی جو دستاویز مرتب ہوئی وہ انسان کے اشرف المخلوقات ہونے کی دلیل ہی نہیں بلکہ ایک ایسا مینارہ نور بھی ہے جو تسخیر کائنات کے ہر مرحلے پر آنے والی ہر نسل انسانی کے راستوں کو منور کرتا رہے گا اور آسمانوں کی حدود سے نکل کر اولاد آدم کو مشاہدہ فطرت کی ترغیب دیتا رہے گا۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ دنیاوی خواہشات اور ہوائے نفس کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے آخرت کی فکر ہی جسم سے جسمانیت کو نکال کر روح میں روحانیت کو پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معراج مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  سے یہی سبق ملتا ہے کہ آج کے اس نفسا نفسی کے دور میں بھی انسان رشک ملائک ہوسکتا ہے لیکن یہ مقام صرف اور صرف روحانی معراج کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں اور رحمتیں اور برکتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور فرمائے کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معراج شریف کا ہی مبارک موقع تھا جب رب کریم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی امت کیلئے ’’نماز‘‘ کا تحفہ عطا کیا۔ امت کی خوشی کیلئے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے شب معراج کے موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 3 طرح کے علوم عطا فرمائے۔ ایک وہ علم جو آپ کیلئے خاص ہے۔ آپ کے علاوہ کوئی بھی اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دوسرا علم ایسا عطا کیا گیا جس کے متعلق آپ کو اختیار دیا جسے مستحق سمجھیں جتنا چاہیں عطا فرما دیں۔ تیسرا علم وہ ہے جس کو کائنات کیلئے عام فرما دیا گیا۔ اس حصے کا یہ عالم ہے کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تشنہ تکمیل نہیں چھوڑا۔

کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام کے نذرانے پیش کئے گئے اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top