منہاج القرآن (یونان) کے زیراہتمام محافل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام رجب المرجب کے مہینہ میں مختلف ذیلی مراکز میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا اہتمام کیا گیا جن میں ریندی، الف سینا، کپسیلی، ماراتھونا اور اینوفیتا شامل ہیں، تمام محافل میں شمع رسالت کے پروانوں نے بھر پور شرکت کی۔ یونان میں جشن معراج کا مرکزی پروگرام مورخہ 16 جون 2012ء کو ریندی مرکز پر منعقد ہوا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ محمد نواز ہزاروی نے حاصل کی۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعتوں کے گجرے راجہ قیصر محمود، حاجی ظفر، فیاض گوہر، شکیل احمد قادری، نوید احمد، یاسر محمد، وہاب علی اور منہاج نعت کونسل کے صدر سجاد حسین قادری نے پیش کئے۔نقابت کے فرائض زیب الحسن قادری نے سرانجام دیئے۔

جشن معراج کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد نواز ہزاروی نے کہا کہ واقعہ معراج کو قرآن نے اول تا آخر خدائے لم یزل کی قدرت کاملہ قرار دیا ہے۔ اس لئے واقعہ کو سبحان الذی سے شروع کیا تاکہ ذہن میں کسی قسم کا خلجان باقی نہ رہے کہ اس واقعہ کی ذمہ داری اس عظیم وبرتر ذات پر ہے جو ہر قسم کی کمزوری، نقص اور عیب سے پاک ہے اور بلا شرکت غیرے اس بات پر قادر ہے کہ وہ معراج جیسا عظیم و بے مثال سفر کرا سکے۔ اگر دعویٰ کسی بشر کی طرف سے ہوتا کہ میں نے اپنی طاقت اور صلاحیت کے بل بوتے پر معراج کیا تو معاملے کی صورت مختلف ہوتی لیکن یہاں تو بات ہی اور ہے خدا تعالیٰ اپنی ذات کو ہر کمزوری، عیب اور سقم سے پا ک قرار دے کر معراج کو اپنی طاقت اور قدرت کاملہ سے منسوب کر رہا ہے۔ محفل کے اختتام پر لنگر کا اہتمام کیا گیا اور دعا کے بعد پروگرام ختم ہوا۔

رپورٹ: زیب الحسن قادری

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top