منہاج القرآن انٹرنیشنل (جاپان) کے زیر اہتمام عظیم الشان معراج النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 17 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 17 جون 2012ء کو اباراکی کین کی جامع مسجد المصطفیٰ میں شب معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عظیم الشان، فقید المثال تاریخی اجتماع منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر سید عثمان شاہ بخاری نے کی جبکہ عثمان غنی اور الشیخ نعمت اللہ روحانی بزرگ مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت جاپانی النسل بچے موری شاہ ویز حیدر نے حاصل کی جبکہ محمد عثمان، جاوید سجن نے اردو، پنجابی اور پشتو زبان میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیں۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد انعام الحق( صدر منہاج مصالحتی کونسل) نے ادا کئے۔علامہ محمد شکیل ثانی کے شاگرد معاذ اعجاز نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر پرجوش تقریر کرکے خوب داد حاصل کی۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے سورۃ النجم کے حوالہ سے واقعہ معراج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ والنجم کی تفسیر بیان کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ امام جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے نجم سے مراد ذات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی اصل ہیں، اول کائنات بھی ہیں اور آخر کائنات بھی ہیں۔ نجم سے طلوع بھی مراد لیا گیا ہے جس کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معراج کی رات عالم بشریت، عالم نورانیت اور حقیقت ومظہریت پر طلوع فرمایا۔ معراج پر جانا بڑا معجزہ تھا مگر پلٹ کر آنا اس سے بھی بڑا معجزہ ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ثم دنیٰ فتدلیٰ کی قربتوں سے امت کی خاطر واپس پلٹ آئے اور امت کو تحفہ نماز عطا فرمایا۔

تحریک منہاج القرآن بھی انسانیت سے محبت کرنے کا پیغام دیتی ہے۔آج کی رات پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درس محبت ورحمت کو یادکرنا ہوگا۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر صالح محمد افغانی(صدرNPO )،ایاز محمود، عمران بیگ، محمد حنیف مغل، محمد اشفاق خان، محمد فیصل ملک، انعام الحق اور دیگر تھریکی ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی۔ ناگویا سے تشریف لانے والے احباب سید محمد عثمان شاہ بخاری(صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان)، محمد اعجاز رمضان کیانی(جنرل سیکرٹری)، راجہ ظہور احمد، محمد جاوید سجن کے علاوہ گماکین، ٹوکیو، چیباکین، ایوائی، شروئی، یوکی، یاشیو، ناگویا، شیزوکا سے تشریف لانے والے احباب کا شکریہ اداکیا۔

پروگرام میں پاکستان کے شہر قائم پور سے تشریف لانے والے پیر عثمان غنی نے خصوصی شرکت کی۔ پیر عثمان غنی نے کہا کہ مجھے جو کچھ ملا وہ ایک مجذوب کی خدمت کرنے سے ملا اور مجھے پوری دنیا میں جانے کا اتفاق ہو اہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے چاہنے والے ہر جگہ موجود ہیں آج کا پروگرام منہاج القرآن کی صداقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میں منہاج القرآن جاپان کی انتظامیہ کا شکر گذار ہو ں کہ مجھے ایسے پروگرام میں آنے کی دعوت دی۔

ترکی کی عظیم روحانی شخصیت الشیخ نعمت اللہ نے کہا کہ منہاج القرآن کا مرکز ولیوں کا ٹھکانہ ہے یہاں بہت سکون ملتا ہے میں ترکی کی مسجد کا پروگرام چھوڑ کر منہاج القرآن کے روحانی پروگرام میں آیا ہوں۔ انہوں نے پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا فرمائی۔ تمام مہمانوں کو بہترین کھاناکھلایا گیا۔اس کے بعد صلوۃ التسبیح کا انتظام کیا گیا جس کی امامت علامہ محمد شکیل ثانی نے کی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top