تیرہ سولنگ (بہاولپور) میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز
نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مورخہ 29 مئی 2012ء کو بہاول پور میں آئیں دین سیکھیں کورس کی تعارفی کلاس منعقد ہوئی۔ جس میں مرکزی ناظم تعلیمی کورسز علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں معلم آئیں دین سیکھیں کورس سید طیب حسین شیزاری، صدر تحریک منہاج القرآن مفتی محمد حامد سعیدی، صدر تحریک منہاج القرآن بہاول پور سٹی سہیل کامران اور منہاج ماڈل سکول کا سٹاف شامل تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ جبکہ مفتی محمد حامد سعیدی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کورس اور مہانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے قرآنی تعلیمات کو اپنایا ان کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا جس وجہ سے انہوں نے پوری دنیا میں شان وشوکت سے اسلامی سلطنت کا جھنڈا لہرایا ہے جبکہ آج اس کے برعکس نتائج ہیں وہ اسی لیے کہ ہم نے قرآنی تعلیمات کو چھوڑ دیا ہے اور مغربی کلچر کو اندھا دھند اپنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کو اپنا کھویا ہوا وقار واپس دلانے کے لیے پوری دنیا میں قرآنی تعلیمات کو عام کر رہی ہے۔ اسی رجوع الی القرآن کی دعوت دینے کے لیے اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
علامہ محمد شریف کمالوی نے آئیں دین سیکھیں کورس کا مکمل تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن بنیادی دینی تعلیمات کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے ان کورسز کو پورے ملک میں پھیلا رہی ہے اور انہی کورسز کے تسلسل میں آج تیرہ سولنگ میں بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ وہاں پر موجود لوگوں نے منفرد اور آسان طریقہ تدریس کو دیکھتے ہوئے اس کورس میں مزید دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس پروگرام کو سراہتے ہوئے مزید داخلے کروائے اور کہا کہ ہم ان شاء اللہ ایسے مفید کورسز کو اپنے علاقہ میں مزید فروغ دیں گے۔
تقریب کے اختتام پر امت مسلمہ، ملک پاکستان کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی اور درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
رپورٹ: عظمت فریدجوئیہ
تبصرہ