منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس (فرانس) کے زیر اہتمام شب معراج انتہائی ادب واحترا م سے منائی گئی

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس فرانس کے زیر اہتمام مورخہ 16 جون 2012ء بروز ہفتہ پانچویں سالانہ محفل شب معراج انتہائی ادب واحترام سے منائی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کی صدارت حاجی خلیل احمد (سرپرست منہاج القرآن گارج لے گونس فرانس) نے کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نورا لامین قادری نے حاصل کی، اس کے بعد جملہ حاضرین نے مکمل یکسوئی کے ساتھ اجتماعی طور ہر تسبیحات کے ذریعے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کے پھول نچھاور کئے۔ عمران گل تاسب، مصر حیات، سید چن پیر، راجہ رضوا ن اور زاہد محمود چشتی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نہایت خوبصورت انداز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ چودھری رازق حسین نے سورۃ النجم کی روشنی میں انتہائی مدلل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو شب معراج نماز کا تحفہ دیا ہمیں اس تحفہ کی قدر کرنی چاہئے، اپنی زندگی میں نماز کی پابندی کو اپنا معمول بنائیں۔

شب معراج کے پروگرام میں زاہد محمود چشتی (صدر منہاج القرآن گارج لے گونس)، راحت حسین (ناظم)، صابر حسین (نائب صدر)، سہیل یعقوب (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ گارج لے گونس)، حاجی نعیم جوڑا (ممبر مجلس شوریٰ)، چودھری عابد حسین (آئرلینڈ)، چودھری ظہیر عباس گجر، طارق بٹ اور بابو خان نے خصوصی شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس کی ایگزیکٹو، منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ایگزیکٹو اور مختلف سماجی اور سیاسی حلقوں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر سب نے کھڑے ہو کر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ علامہ چودھری رازق حسین نے خصوصی دعا کرائی اور مہمانوں کو ضیافت کرائی گئی۔

رپورٹ: محمد علی رضا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top