تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورسز (پتوکی)
نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مورخہ 3 جون 2012ء کو انمول میرج ہال پتوکی میں تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورسز منعقد ہوئی۔ جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں لیکچرر منہاج یونیورسٹی لاہور محمد عرفان شہزاد، علامہ محمد علی شاہ ضلعی کوآرڈنیٹر ضلع قصور، علامہ محمد شفیق بغدادی معلم عرفان القرآن کورس، محمد سبطین شاہ معلم آئیں دین سیکھیں کورس، محمد ندیم مصطفائی صدر تحریک پتوکی اور راحیلہ بیگم صدر ویمن لیگ پتوکی شامل تھیں۔ علاوہ ازیں طالبات عرفان القرآن کورس کی کثیر تعداد موجود تھی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ اس تقریب میں نقابت کے فرائض محمد سبطین شاہ نے سرانجام دیئے۔ طالبات نے کورس کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اتنے مختصر وقت میں دین کا بہت زیادہ فہم و ادراک حاصل ہوا کہ جو واقعی قابل تعریف پروگرام ہے۔ ایسے کورسز کو زیادہ سے زیادہ پھیلانا چاہیے تاکہ لوگ دین کی دولت سے بہرہ ور ہو سکیں۔
بعدازاں مہمانان گرامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دین اسلام کی کھوئی ہوئی اقدار کو ازسر نو بحال کرنے کے لیے ایسے کورسز کو بہت تیزی سے قریہ قریہ پہنچانا ہو گا۔ محمد ندیم مصطفائی نے استقبالیہ کلمات کہتے ہوئے تمام مہمانان گرامی، شرکاء کورس کو خوش آمدید کہا۔
ویمن لیگ کی نمائندگی راحیلہ بیگم نے کی اور طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مرد وعورت پر فرض ہے لہذا ایسے کورسز ہر مسلمان کی ضرورت ہیں اس لیے انہیں تسلسل سے جاری رہنا چاہیے۔
مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس نے تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور نظامت تربیت کے زیراہتمام جاری کورسز میں سے آئیں حدیث سیکھیں کورس کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کی اہمیت و افادیت سے لوگوں کو آگاہ کیا کہ یہ کورس بھی وقت کی اہم ضرورت ہے لہذا اس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔ آخر پر شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ
تبصرہ