شعبان حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا محبوب ترین مہینہ ہے : سید فرحت حسین شاہ

مورخہ: 30 جون 2012ء

مقتدر طبقے کو قرون اولیٰ کے عادل اور بے غرض حکمرانوں کی پاکیزہ زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہو گا
تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’فضیلتِ ماہِ شعبان کانفرنس ‘‘ سے خطاب

شعبان المعظم کا مہینہ برکتوں اور سعادتوں کا مہینہ ہے۔ ماہ شعبان حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا محبوب ترین مہینہ ہے۔ شعبان کی پندرھویں رات کو شب برات کہا جاتا ہے۔ شب کے معنی رات اور برات کے معنی چھٹکارے کے ہیں۔ اس رات اللہ رب العزت قبیلہ بنی قلب کی بکریوں کے بالوں کی تعداد سے زیادہ گنہگاروں کی بخشش فرماتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہا ج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’فضیلتِ ماہِ شعبان کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر ارشاد طاہر، حفیظ اللہ جاوید، علامہ عثمان سیالوی، علامہ ممتاز صدیقی اور علامہ محمد لطیف مدنی بھی موجود تھے۔

سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ماہ شعبان بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ شعبان کا مہینہ نفرت و کدورت کو ختم کرنے اور معافی، نرمی اور بخشش تقسیم کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں ہمیں لوگوں کو معاف کرنا چاہیے۔ لوگوں کو معاف کرنے سے اللہ ہمیں معاف کرے گا۔ انہوں نے کہا آج ہمارا معاشرہ اتنا بے حس ہو چکا ہے کہ ہمیں اپنی اولاد، بیوی، خاندان، دوست غرض یہ کہ ہر وہ شخص صاف دامن دکھائی دیتا ہے جس کے ساتھ ہمارا کسی نہ کسی طور پر تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری پاکستانی قوم لوڈ شیڈنگ، ہوشرباء مہنگائی، امن و امان کی خراب صورتحال اور انصاف کے حصول کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہے۔ جبکہ حکمران قانون اور آئین کی بالا دستی کی بات کرتے ہیں لیکن عملاً ان اوصاف سے کوسوں دور ہیں۔

فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اگر یہی حال رہا اور عوام نے اپنے حقوق اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے اس موجودہ فرسودہ نظامِ انتخاب کو خیر باد نہ کہا تو یونہی لٹیرے پیدا ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے قوم موجودہ نظام انتخاب کی تبدیلی کیلئے متحد ہو کر کوشش کرے اور قرون اولیٰ کے عادل اور بے غرض حکمرانوں کی پاکیزہ زندگیوں پر مبنی تاریخ کے اوراق کو کھنگالنا شروع کر دے اور اپنے آپ کو ان کے کردار کی روشنی میں ڈھالنا شروع کر دے۔

 

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top