دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے خلاف گھناؤنی سازش ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

عوام کا جان و مال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے، حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کوئٹہ اور لاہور میں ہونے والی دہشت گردی کی بہیمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے کا مذموم عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایسا کرنے والے انسان کے روپ میں خونخوار بھیڑیے ہیں۔ انہوں نے پورے ملک اورخصوصاً بلوچستان میں دہشت گردی، قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کوئٹہ میں ANP کے جلسے میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بدقسمتی سے ایسے واقعات پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں اورحکومتیں ابھی تک دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجوہات ہر پاکستانی جاننا چاہتا ہے۔

ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہور میں ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونیوالے پولیس کے جوانوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے تسلسل نے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔ عوام کی جان، مال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں ورنہ ملکی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top