اسلام، ایمان اور احسان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے ماہ رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے : مسکین فیض الرحمان درانی

اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی کا جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا رشتہ استوار کرنے میں ہی ہماری فلاح ہے۔ ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق مضبوط ہو گا تو تعلیمات پر عمل آسان ہو گا۔ اس سفر کے آغاز کیلئے رمضان المبارک سے بہتر کوئی مہینہ نہیں۔ امت مسلمہ اور خصوصاً پاکستانی قوم کو اس مبارک مہینے میں باطنی بگاڑ کی درستگی کیلئے ریاضت و مجاہدہ اور انسانیت کی مدد کیلئے عملی کام کا آغاز کرنا ہو گا تاکہ اللہ ہم پر مہربان ہو جائے۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے۔ معاشرے سے غربت، افلاس، بھوک، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور بہترین کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی نے جامع مسجد المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام، ایمان اور احسان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے ماہ رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلمان سے مومن، مومن سے محسن بننے اور ریاضت کا آغاز کرنے کیلئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ نہ صرف دوسرے کی تکلیف کو سمجھنے کا احساس پیدا کرتا ہے بلکہ اسے حل کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل میں رمضان المبارک کے روزے انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ رمضان المبار ک کی سماجی اہمیت کو سمجھا جائے۔ فلسفہ زکوۃ کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس کی عملی شکل ماہ رمضان المبارک میں میسر آئے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top