منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے صدر رضی نیازی کا دورہ مرکزی سیکرٹریٹ

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے صدر رضی نیازی مورخہ 3 جولائی 2012ء بروز منگل کو پاکستان تشریف لائے اور مرکزی سیکرٹریٹ کا وزٹ کیا۔ رضی نیازی اپنی فیملی کے ہمراہ صبح 10 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پہنچے جہاں پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، نظامت امور خارجہ کے ڈائریکٹر راجہ محمد جمیل اجمل اور ڈائریکٹر پروڈکشنز عامر یوسف چودھری نے ان کا بھر پور استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

ایئر پورٹ سے رضی نیازی اور ان کی فیملی کو قافلے کی صورت میں حضور داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے دربار پر لے جایا گیا جہاں منہاج القرآن ہیوسٹن کے صدر ظفر اقبال بھی وفد شامل ہوگئے۔ ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ محمد حسین آزاد نے محکمہ اوقاف کے ذمہ داران کے ساتھ وفد کا استقبال کیا اور خوبصورت انداز میں بھر پور حاضری کا اہتمام کیا، دربار کی انتظامیہ نے معزز مہمانوں کی خاطر مدارت کی اور انہیں داتا دربار کی مرقد انور پر چڑھائی جانے والی چادریں بطور تبرک پیش کیں۔ اس کے بعد معزز مہمانوں کو براہ راست حضور قدوۃ الاولیاء پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی قدس سرہ العزیز کے دربار اقدس پر لے جایا گیا اور دربارشریف کے نچلے حصہ میں مرقد انور کی زیارت، فاتحہ اور موئے مبارک آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کرائی گئی۔ دربار اقدس پر آغوش کے بچوں نے پھولوں کی پتیوں اور ہاروں سے استقبال کیا۔ دربار غوثیہ کی انتظامیہ نے مرقد انور سے نسبت رکھنے والی چادریں وفد کے شرکاء کو پیش کیں۔

بعد ازاں وفد کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عظیم فلاحی منصوبہ آغوش میں لے جایا گیا جہاں منہاج گرائمر سکول کے پرنسپل کرنل (ر) محمد سعید، اور ان کے سٹاف اور آغوش کے کیئر ٹیکر صفدر عباس نے مہمانوں کا بھر پور استقبال کیا۔ محترم رضی نیازی اور ان کی اہلیہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔ جس کے بعد مہمانوں کو آغوش کی بلڈنگ کے اہم حصے، رہائشی وتدریسی شعبے اس میں جاری تعلیمی سرگرمیاں اور سٹاف کے بارے میں تفصیلی معلومات سے آگاہ کیا۔ آغوش کمپلیکس کے وزٹ کے بعد معزز مہمانوں نے برجستہ اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ منہاج القرآن کے آغوش پراجیکٹ میں موجود بچوں کو جو سہولیات اور انفراسٹرکچر مہیا ہے وہ دنیا میں کہیں بھی موجود نہیں۔ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہمارے لئے یہ ایک عظیم اعزاز اور سعادت کی بات ہے کہ ہم اس مشن کے ساتھ وابستہ ہیں جس کی روح اور فکر اسلام کی تعلیمات اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مقدسہ کے عین مطابق ہے۔

وفدنے منہاج یونیورسٹی (نیوکیمپس) بغداد ٹاؤن کا وزٹ کیا جہاں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکر علی احمد اور انتظامیہ نے رضی نیازی اور ان کے ساتھ وفد میں شامل احباب کو خوش آمدید کہا اور مختلف فیکلٹیز کا وزٹ اور تعارف کرایا۔ منہاج یونیورسٹی کے رجسٹرا ر کرنل (ر) محمد احمد نے وفد کو منہاج یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں، فیکلٹیز کا تعارف، مستقبل کے منصوبہ جات اور یونیورسٹی کی گرانقدر کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اور منہاج یونیورسٹی کے اس اعزاز کا بھی ذکر کیا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں یہ واحد یونیورسٹی ہے جہاں کیمسٹری میں گریجوایشن اور ایم فل کرایا جا رہا ہے۔ معزز مہمانوں نے منہاج یونیورسٹی کی ان گرانقدر سہولتوں اور کنٹری بیوشنز کو دلی طور پر سراہا۔

منہاج یونیورسٹی کے وزٹ کے بعد وفد نے منہاج کالج برائے خواتین کا وزٹ کیا، جہاں پر ہاسٹل کی سہولیات اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اسی دوران کالج میں جاری اسلامک لرننگ کیمپ میں شریک خواتین وطالبات سے ملاقات کی اور نعت سیکھنے کے لئے قائم ایک ورکشاپ جس کو عالم اسلام کے انتہائی معروف نعت خواں اور منہاج نعت کونسل کے صدر محترم قاری ظہیر احمد بلالی کنڈکٹ کررہے تھے شرکت کی۔ محترم رضی نیازی کے صاحبزادے مکرم نیازی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دلنشین انداز میں پیش کی۔ جس کے بعد ان کی اہلیہ نے کیمپ میں شریک طالبات سے اخلاقی تربیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام اور مشن مصطفوی کے ساتھ نسبت کو عظیم سعادت قرار دیا اور انہیں دین اسلام کی خدمت کرنے اور اسلام کے فروغ کے لئے علم حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں طالبات کو اپنے اخلاق و کردار کو سیرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا کا عملی نمونہ بنانے پر زور دیا۔ اس کے بعد وفد نے منہاج گرلز ماڈل سکول کا بھی وزٹ کیا۔

اس کے بعد معزز مہمانوں کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں لایا گیا جہاں مہمانوں کا بھر پور استقبال ہوا۔ مہمانوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں جملہ قائدین، سربراہان شعبہ اور سٹاف ممبران سے ملاقات کی اور مختلف دفاتر اور شعبہ جات کا وزٹ کیا۔ محترم رضی نیازی نے نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد صدر فیڈرل کونسل صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا تناول کیا جس میں منہاج القرآن کے ایگزیکٹو ممبران بھی شریک تھے۔ ورکنگ لنچ کے دوران محترم رضی نیازی صاحب نے صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی خدمت میں امریکہ میں مشن کی ورکنگ، اسلامک سنٹرز، فاضلین اور مستقبل کے منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں اور راہنمائی حاصل کی۔ صدر فیڈرل کونسل نے محترم رضی نیازی صاحب کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہا، نیک تمناؤں اور توفیقات میں اضافہ کی دعا کی۔

بعد ازاں وفد نے منہاج ٹی وی کے سیٹ اپ کا وزٹ کیا، منہاج ٹی وی کی انتظامیہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور منہاج ٹی وی کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کرایا۔ اس پر مسرت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منہاج ٹی وی انتظامیہ نے محترم رضی نیازی ان کی اہلیہ اور صاحبزادے کے ساتھ ساتھ محترم ظفر اقبال کا انٹرویو بھی ریکارڈ کیا۔ محترم رضی نیازی اور محترم محمد ظفر اقبال نے منہاج ویب ٹی وی کو اپنا انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم باہر سے آنے والے ہر پاکستانی کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جب پاکستان آئیں تو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ اور آغوش کا لازمی وزٹ کریں۔ رضی نیازی نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میں نے امریکہ میں رہتے ہوئے آغوش جیسا عظیم منصوبہ نہیں دیکھا، ہم اپنے گھروں میں بچوں کو اس طرح کی عظیم سہولتوں سے مزین رہائش فراہم نہیں کرسکتے جو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے فراہم کی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس دور میں ایک اسلامی، فلاحی ریاست کے قیام کے لئے عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے اور ان شاء اللہ آنے والا دور منہاج القرآن کا دور ہوگا۔

محترم رضی نیاز ی نے مرکزی سیکرٹریٹ کے جملہ قائدین وسربراہان سے الوداعی ملاقات میں سب کو اس مشن کے ساتھ وابستہ ہونے پر مبارکباد دی اور اپنے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، عامر یوسف نے وفد کو ایئر پورٹ پر الوداع کیا۔

رپورٹ: محمد وسیم افضل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top