بیداری شعور ورکرز کنونشن (دولتالہ)

تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4 کے تمام فورمز کا مشترکہ بیداری شعور ورکرز کنونشن منہاج القرآن اسلامک سنٹر (زیر تعمیر) دولتالہ کی بیسمنٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت انار خان گوندل نائب ناظم تحریک منہاج القرآن پنجاب نے کی۔ اس کنونشن میں فاضل منہاج انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور ساجد حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ویمن لیگ پی پی 4 کی عہدیداران نے محترمہ مسز حسن اختر راجہ کی قیادت میں کنونشن میں شرکت کی۔

کنونشن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت صوفی محمد منور قادری ناظم دعوت و تربیت یونین کونسل منگھوٹ نے حاصل کی جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ماسٹر آصف محمود ناظم تحریک منہاج القرآن یونین کونسل راماں نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نقابت کے فرائض محمود الحق قریشی سرپرست تحریک منہاج القرآن پی پی 4 نے سرانجام دئیے۔

ساجد حسین قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کا مشن سچا اور حقیقی مشن ہے۔ تمام کارکنان اپنے قائد کا مشن اور پیغام بیداری شعور گھر گھر پہنچائیں۔ اس ملک کا مقدر مصطفوی انقلاب ہے۔ ان شاءاللہ تعالیٰ بہت جلد بیداری شعور کی تحریک کی آواز پورے پاکستان میں گونجے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اندر کی روحانی دنیا کو پاکیزہ بنانے کیلئے رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں منہاج القرآن کے مرکز پر اعتکاف کی تیاریاں شروع کر دی جائیں۔

کنونشن سے انار خان گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس ملک کو کرپٹ نظام سے بچانے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دیے ہوئے نظام کو لانا ہو گا جس کے لیے ہمیں ہر حوالے سے بھرپور تیاری کرنا ہو گی۔ کنونشن کے آخر میں راجہ نعیم نواز مقامی راہنما مسلم لیگ نون نے چوہدری جاوید اقبال صدر تحریک منہاج القرآن پی پی 4 کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے اور زیر تعمیرجامع مسجد منہاج القرآن اور اسلامک سنٹر کیلئے ایک لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا اور مزید بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کنونشن میں قاضی محمد افضل صدر پاکستان عوامی تحریک پی پی 4، چوہدری محمد اسحاق ناظم صدر تحریک منہاج القرآن پی پی 4، چوہدری اسرار احمد، راجہ عابد نسیم، جاوید اقبال راجہ، چوہدری محمد منیر، ماسٹر عبدالقیوم، ماسٹر آصف محمود، راجہ راحیل اصغر کیانی، آصف ظہور راجہ، چوہدری طارق محمود، چوہدری محمد اعظم، راجہ ظفر محمود، طارق محمود اعوان، تنویر احمد راجہ، ماسٹر فضل کریم، قاضی ادریس زعفران، قاضی احسان غفور اور حافظ نعمان اکرم کے علاوہ تحریک منہاج القرآن پی پی 4 کے کارکنان اور وابستگان نے بھر پور شرکت کی۔

کنونشن کے اختتام پر ملک پاکستان میں امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top