دروس عرفان القرآن (منڈی بہاؤالدین): پہلا دن

تحریک منہاج القرآن منڈی بہاؤالدین کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن منعقد ہو رہے ہیں جس کے پہلے روز مورخہ 22 جولائی 2012 کو ایگل فٹ بال گراؤنڈ گوڑھا باغ میں درس قرآن کا پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری ابوبکر چشتی نے حاصل کی جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت منہاج نعت کونسل ڈھوک نواں لوک نے حاصل کی۔ پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض حافظ شبیر احمد اور محمد احسان رضوی متعلم منہاج یونیورسٹی لاہور نے سرانجام دیے۔ اس درس عرفان القرآن کے مہمان خصوصی نائب امیر منہاج القرآن صوبہ پنجاب چوہدری محمد وسیم ہمایوں تھے جبکہ علاقہ بھر سے ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے جوق در جوق ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر علامہ غضنفر حسین قادری نے اسلام کے تصور اجتماعیت کے موضوع پر درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ مختلف طبقات میں تقسیم ہے جس میں ہر کوئی دوسرے کو اسلام سے نکالتا ہوا نظر آتا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اتحاد و یگانگت اور اتفاق کے ساتھ مل جل کر رہیں، جس کے لئے تحریک منہاج القرآن میدان کار زار میں اُتری ہوئی ہے، جو اُمت کو جسد واحد میں پرونا چاہتی ہے اور یہی اسلام کی اصل روح ہے جو کہ محبت الہٰی، محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محبت اہل بیت، محبت صحابہ اور محبت اولیا کا دامن تھامنے سے ممکن ہے۔

درس عرفان القرآن میں تحصیل ملکوال، تحصیل پھالیہ، اور تحصیل گوجرہ کے لوگوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس درس عرفان القرآن میں ہر مکتبہ فکر کے علماء، تاجر حضرات، وکلاء، بنک کار، اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ درس القرآن کا اختتام علامہ صاحب کی دعا سے ہوا جس میں انہوں نے ملک کو در پیش مسائل اور ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ:حافظ شبیر احمد جنجوعہ (منڈی بہاؤالدین)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top