منہاج القرآن انٹرنیشنل (جاپان) کے زیراہتمام عظیم الشان سیدہ کائنات فاطمۃ الزھرہ رضی اللہ عنھا کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل(جاپان) کے مرکز ابارکی کین کی جامع مسجد المصطفیٰ میں مورخہ 22 جولائی 2102ء کو عظیم الشان سیدہ کائنات فاطمۃ الزھرہ رضی اللہ عنھا کانفرنس منعقد ہوئی۔

نماز تراویح کے بعد پارہ نمبر5 سورۃ النساء کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے انتہائی خوبصورت انداز میں شہزادی کونین کا تذکرہ شروع کیا جس سے ہر آنکھ پرنم تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہزادی کونین، سیدہ طاہرہ، بتول زھراء کی شان میں لب کشائی کی جسارت کررہا ہوں مگر ڈرتا ہوں، کس کی بات کروں وہ تو مجسمہ شرم وحیاء ہیں، وہ تو وارث چادر تطہیر ہیں، ان کی بارگاہ کے آداب تو بے خطاؤں پر فرض ہیں ہم تو سراپا خطا ہیں۔ ان کا نام لینے کے لئے زبان کا وضو چاہیئے، ان کا نام سننے کے لئے کان کا وضو چاہیئے، ان کو سوچنے سے پہلے طہارتوں کی بھی طہارت چاہیئے کیونکہ پردہ ان کا زیور ہے، حیاء ان کا زیور ہے، ولی ان کی گلی کے منگتے ہیں، امام ان کے گھر سے پانی بھرتے ہیں، میں کون ہوں شرم آرہی ہے، سادات اکرام سے معافی کے ساتھ اے سیدہ عالمین ! بے حد گناہگار ہیں مگر آپ کی شفاعت کے امیدوار ہیں۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ کون بتول زھراء جس کی فضیلت پرآیت مباہلہ گواہ ہے، آیت حسنات گواہ ہے، آیت سلام گواہ ہے، آیت فترضیٰ گواہ ہے، آیت صلوات گواہ ہے، آیت مرضات گواہ ہے، آیت مؤدت گواہ ہے، آیت طہارت گواہ ہے، آیت مرج البحرین گواہ ہے، حدیث ثقلین گواہ ہے، زبان رسالت گواہ ہے ، فاطمۃ بضعۃمنی(فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے)، یہ ساری فضیلتیں سیدہ کائنات کے پاس کیوں نہ ہوں، جن کا بابا نبیوں کا سردار، جن کا شوہر ولیوں کا سردار، جن کے بیٹے نوجوانان جنت کے سرداراور جو خود جنتی عورتوں کی سردارہیں۔ انہوں نے سیدہ کائنا ت کی ولادت، بچپن آپ کو بحثیت بیٹی، ماں، بیوی کائنات میں سب پر فضیلت ہے بیان فرمائی جس سے ہر آنکھ پرنم تھی۔

صالح محمد افغانی صدر NPO نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کی کامیابی کا سہرا محمد انعام الحق، محمد ایاز، محمد عمران بیگ، محمد فیصل ملک، امانت علی گوندل، صداقت علی، محمد حنیف مغل، محمد اشفاق خان اور شمس پٹھان کے سر ہے ۔ اختتامی دعا کے بعد دودھ کی سبیل بھی لگائی گئی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top