دروس عرفان القرآن (چیچاوطنی): دوسرا دن

تحریک منہاج القرآن چیچاوطنی کے زیراہتمام رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں دوسرا - پانچ روزہ دروس عرفان القرآن منعقد ہوا۔ جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگر رشید علامہ رانا محمد ادریس قادری (نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت) نے خصوصی خطاب کیا۔ یہ درس مورخہ 23 جولائی 2012ء کو حسب سابق ٹینکی پلاٹ نزد نورالمساجد (چیچہ وطنی) میں نماز فجر کے بعد ہوا۔ جس کا آغاز قاری ریحان علی چشتی نے تلاوت قرآن پاک اور حافظ قاری علم الدین قادری نے درود پاک پیش کر کے کیا۔ نقابت کے فرائض عامر وقاص قادری نے سرانجام دیے۔ خواتین و مرد حضرات کی کثیر تعداد اس روحانی و وجدانی درس عرفان القرآن کی محفل میں جوق در جوق شریک ہوئی۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے اسلام کے تصور اجتماعیت کے موضوع پر دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے سامعین کو دعوت فکر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ایمان کی حالت پر غور کرنا چاہیے جو لوگ مل جل کر اکھٹے ہوتے ہیں ان پر خصوصی فضل و کرم ہوتا ہے، نماز گھر کی بجائے مسجد میں پڑھنے سے 27 گنا زیادہ اجرو ثواب ملتا ہے۔ اسی طرح جمعۃ المبارک اور عیدین کے اجتماع پر زیادہ اجر و ثواب اور برکتیں ملتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلمانان عالمی سطح پر گروہ بندیوں کا شکار ہیں، حالانکہ مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ تم سب مل کر اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنا اور گروہ بندیوں کا شکار نہ بننا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو اخوت اور بھائی چارے کا حکم دیتا ہے۔

علامہ محمد ادریس قادری نے بیداری شعور مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے نام پر موجودہ نظام فراڈ اور ظلم ہے اسے بدلنے کے لئے ہر شعبہ زندگی سے قابل، ایماندار اور اہل لوگوں پر مشتمل نگران حکومت بنائی جائے جو اس ظالمانہ نظام کو بدل کر متناسب نمائندگی کا نظام بنا کر شفاف انتخابات کرائے۔

انہوں نے آخر پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مختلف موضوعات پر خطابات اور کتب کا تعارف کرایا، عوام الناس کو ان سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔

آخر پردرود و سلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی گئی اور پرسوز دعائے خیر پر آج کا درس مکمل ہوا۔

رپورٹ: حبیب الرحمان سعیدی (ناظم نشرواشاعت، تحریک منہاج القرآن، چیچاوطنی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top